ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر نعتیہ مشاعرہ، حسنِ قرأت کے مقابلے اور سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد، نعتیہ مشاعرے میں تینوں پوزیشنز چترال کے طلبہ نے اپنے نام کرلیا
سوات ( نمائندہ چترال ٹائمز ) صوبائی حکومت کی ہدایات کی روشنی میں عشرہ رحمت للعالمین ﷺ کے سلسلے میں ودودیہ ہال سیدو شریف سوات میں ملاکنڈ ڈویژن کی سطح پر نعتیہ مشاعرہ، حسنِ قرأت کے مقابلے اور سیرت النبی ﷺ کانفرنس کا انعقاد کیا گیاجس کا مہمان خصوصی کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر تھے،نعتیہ مشاعرے اور حسن قرأت کے مقابلوں میں ملاکنڈ ڈویژن کے تمام اضلاع سے اول، دوم اور سوم پوزیشن حاصل کرنے والے 45 نعت خواں اور قاری حضرت نے شرکت کی۔کانفرنس کے دوران نعتیہ اور قرأت کے مقابلے منعقد ہوئے جن میں طلبہ و طالبات نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔حسن قرأت کے مقابلوں میں اول پوزیشن محمد حسن سوات،دوم پوزیشن وقاص احمد لوئر دیر،سوم پوزیشن ادیبہ سلام لوئر دیر جبکہ نعتیہ مشاعرے میں اول پوزیشن سدیس الملک لوئر چترال، دوم پوزیشن وسیع الرحمٰن اپر چترال اورسوم پوزیشن خلیل اللہ اپر چترال نے حاصل کی۔
کانفرنس میں کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر، محکمہ تعلیم کے افسران، علمائے کرام، اساتذہ، اور مختلف سکولوں و مدارس کے طلبہ و طالبات نے کثیرتعدادمیں شرکت کی۔ یہ کانفرنس عشقِ رسول ﷺ، اخلاقی و دینی تربیت، اور سیرتِ طیبہ ﷺ کو نوجوان نسل تک مؤثر انداز میں پہنچانے کے جذبے سے منعقد کی گئی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کمشنر ملاکنڈ ڈویژن عابد وزیر نے کہا کہ یہ عشرہ حکومت نہایت عقیدت و احترام سے منا رہی ہے جس کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ ہم اپنے پیغمبر حضرت محمد ﷺ کی حیات طیبہ، دین اسلام، اور احادیث نبوی ﷺ کی روشنی میں اپنی زندگیاں بہتر انداز میں گزارنے کے اسباق حاصل کریں۔انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو دین سے روشناس کرانا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
سیرت النبی ﷺ کانفرنس نعتیہ مشاعرے اور حسن قرأت جیسے پروگرام طلبہ و طالبات میں عشق رسول ﷺ کو پروان چڑھانے، ان کی دینی و اخلاقی تربیت بہتر بنانے، اور انہیں سیرت رسول ﷺ کی روشنی میں ایک باکردار اور مفید شہری بنانے کے لیے نہایت اہم کردار ادا کرتے ہیں۔ عابد وزیر نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی سیرت تمام انسانیت کے لیے مشعلِ راہ ہے۔ طلبہ و طالبات کو چاہیے کہ وہ تعلیم کے ساتھ ساتھ اخلاق، کردار، اور خدمت خلق کو بھی اپنی زندگی کا حصہ بنائیں۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ ایسے پروگرام نہ صرف طلباء و طالبات کی پوشیدہ صلاحیتوں کو اجاگر کرتے ہیں بلکہ ان کے دلوں میں دین اسلام کی محبت اور شعور کو بھی جِلا بخشتے ہیں۔کمشنر ملاکنڈ ڈویژن نے کانفرنس کے اختتام پر بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے طلباء و طالبات کو مبارکباد دی، انہیں چیکس اور سرٹیفکیٹس بھی دیے گئے۔

