چترال میں دو دنوں کے اندر خودکشی کے دو واقعات رپورٹ، پولیس نے تصدیق کردی
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال میں دو دن کے اندر خودکشی کے دوواقعات رپورٹ ہوئے ، آج صبح اپر چترال کے گاؤں مداک میں ایک شادی شدہ خاتون زوجہ صابرنے دریا میں کود کر مبینہ طورپر خودکشی کر لی ہے ۔ جو بچوں کی ماں تھی۔ سب ڈویژنل پولیس آفیسر موڑکھو تورکھو مولائی شاہ نے میڈیا کو اس خبر کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ پولیس اسٹیشن موڑکھو میں واقعہ کی رپورٹنگ کی گئی ہے جبکہ 1122کے اہلکار نے بتایا کہ دریا میں لاش کی تلاش جاری ہے ۔
اس سے قبل گزشتہ روز سہ پہر کو لویر چترال کے گاؤں اٹانی کی رہائشی جلیل خان کی بیٹی عیمان بی بی نے ایون کے پل سے دریائے چترال میں چھلانگ لگا کر مبینہ طور پر خودکشی کر لی۔
ایون سرکل کے سب ڈویژنل پولیس افسر احمد عیسیٰ خان نے میڈیا کو خودکشی کے کیس کی تصدیق کرتے ہوئے بتایا کہ گھریلو جھگڑوں کی فوری وجہ بتائی جاتی ہے جس کی وجہ سے لڑکی نے اپنی زندگی کا خاتمہ کیا۔
انہوں نے بتایا کہ متوفی کی نعش نماز معرب کے وقت شہر دروش کے قریب دریا سے برآمد ہوئی اور لاش کا پوسٹ مارٹم تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دروش میں کیا جا رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ مقامی پولیس ضابطہ فوجداری کی دفعہ 174 کے تحت انکوائری کرکے خودکشی کی وجہ کا پتہ لگائے گی۔ یہ بات قابل ذکر ہے کہ گزشتہ کئی ہفتوں سے چترال میں خواتین کی خود کشیوں کی تعداد میں اضافہ دیکھنے میں آرہی ہے۔
