یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش پر 30.216 ارب روپے کا پیکج منظور، اثاثے رواں مالی سال ہی فروخت کرنے کی منظوری
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز )اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کی بندش پر 30.216 ارب روپے کا پیکج منظور کر لیا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں یوٹیلیٹی اسٹورز ملازمین کے لیے پیکج کی سمری وزارت صنعت و پیداوار نے پیش کی۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے بندش کے عمل کو شفاف اور منظم انداز میں مکمل کرنے کا فیصلہ کر تے ہوئے یوٹیلیٹی اسٹورز کے اثاثے رواں مالی سال ہی فروخت کرنے کی منظوری دے دی۔ای سی سی کی جانب سے کہا گیا کہ فروخت سے حاصل آمدن سے بندش کے اخراجات پورے کیے جائیں گے، ملازمین کے حقوق اور فلاح کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے۔اقتصادی رابطہ کمیٹی نے اسٹورز کے واجبات، معاوضے اور بقایاجات فوری ادا کرنے کی ہدایت کی ہے۔وفاقی وزراء رانا تنویر حسین، جام کمال خان اور دیگر اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری نے اجلاس میں آن لائن شرکت کی۔
………………………………………………..
خیبر پختونخوا کابینہ نے ہیلی کاپٹر خریدنے کی اجازت دے دی: شہاب علی شاہ
پشاور( چترال ٹائمزرپورٹ)چیف سیکریٹری خیبر پختونخوا شہاب علی شاہ نے کہا کہ خیبر پختونخوا کی کابینہ نے ہیلی کاپٹر خریدنے کی اجازت دے دی ہے۔میڈیا سے گفتگو کے دوران شہاب علی شاہ نے کہا کہ ریلیف اور میڈیکل ایمرجنسی کیلیے ہیلی کاپٹر کی فوری ضرورت ہے، قانونی عمل مکمل کر کے کے پی کی سیلاب سے متاثرہ عوام کیلیے ہیلی کاپٹر خریدا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب زدہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری رہیں گی۔یاد رہے کہ رواں سال 15 اگست کو باجوڑ ریلیف آپریشن کے دوران سرکاری ہیلی کاپٹر حادثے کا شکار ہوا تھا۔ذرائع کے مطابق صوبائی کابینہ نے ہیلی کاپٹر حادثے کے شہداء کیلیے پیکج کی منظوری دے دی، ان شہداء کے لواحقین کو پولیس کے برابر کا شہداء پیکج دیا جائے گا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ دونوں پائلٹس کے لواحقین کو 2، 2 کروڑ روپے کا پیکج دیا جائے گا۔ہیلی کاپٹر کے عملے کے پانچوں افراد کنٹریکٹ ملازمین تھے۔
…………………………………………..
بل گیٹس کا پاکستان کے سیلاب متاثرین کیلئے 10 لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان
اسلام آباد(سی ایم لنکس)مائیکروسافٹ کے بانی بل گیٹس کی بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن نے پاکستان میں سیلاب متاثرین کے لیے 10 لاکھ ڈالرز امداد کا اعلان کر دیا۔بل اینڈ میلنڈا گیٹس فاؤنڈیشن یہ امداد عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے ذریعہ پاکستان کو فراہم کرے گی، تاکہ حالیہ بارشوں سے ملک بھر میں پیدا ہونے والی سیلابی صورتحال کا مقابلہ کیا جاسکے۔ڈبلیو ایچ او اس رقم سے ملک کے چاروں صوبوں کے 33 متاثرہ اضلاع میں 4 لاکھ 65 ہزار سیلاب متاثرین کو طبی سہولتیں فراہم کرے گا۔پاکستان میں ڈبلیو ایچ او کے نمائندے ڈاکٹر ڈپینگ لو نے خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کا دورہ کیا اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں صحت کی سہولتوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے بروقت امداد کی فراہمی پر گیٹس فاونڈیشن کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈبلیو ایچ او انسانی جانوں کے تحفظ کے لیے پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے۔ان کا کہنا ہے کہ ماحولیاتی تبدیلی سے مون سون شدت اختیار کررہا ہے اور قدرتی ا?فات میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے۔
