محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے مزید 2 ارب روپے سیلاب زدگان ریلیف کیلئے جاری کر دئیے۔ اب تک کل 6.5 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری ۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) مشیر خزانہ و بین الصوبائی رابطہ خیبرپختونخوا مزمل اسلم نے کہا ہے کہ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے مزید 2 ارب روپے سیلاب زدگان ریلیف کیلئے جاری کر دئیے اور یہ رقوم محکمہ خزانہ نے فنڈز ریلیف اور معاوضے کی مد میں جاری کئیے ہیں۔ مشیر خزانہ خیبرپختونخوا نے کہا کہ سیلاب زدگان کیلئے اب تک کل 6.5 ارب روپے سے زائد فنڈز جاری کر چکے ہیں اور مجموعی طور پر اس رقم کا اجراء دس دنوں کی محدود مدت میں ہواہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ مزید فنڈز آنے والوں دنوں میں وزیر اعلی اور کابینہ کی منظوری سے جاری کئے جائیں گے اور الحمداللہ یہ صوبائی حکومت کی بہترین گورننس اور پختہ مالی صورتحال کی عکاسی ہے واضح رہے کہ محکمہ خزانہ خیبرپختونخوا نے اگست 16 کو 1.56 ارب روپے سی اینڈ ڈبلیو جبکہ 1.5 ارب روپے پی ڈی ایم اے کو جاری کیے جبکہ اگست 17 کو ٹی ایم ایز کے لیے 61 ملین روپے مالی امداد فراہم کی گئی ہے۔ مزمل اسلم نے کہا کہ سیلاب کی پیشگی صورتِ حال کے پیش نظر اگست سے قبل پی ڈی ایم اے کو 500 ملین روپے جاری کیے گئے تھے۔
