خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب سے توانائی کے 32 چھوٹے پن بجلی گھرمتاثر
بونیر میں 1منی مائیکروسٹیشن مکمل تباہ،مساجد،سکولوں اورطبی مراکز میں سولریونٹس کوبھی نقصان
سینئرافسران منصوبوں کی جگہوں کے ہنگامی دورے کرکے ضروری اقدامات اٹھائیں، معاون خصوصی انجینئرطارق سدوزئی
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) خیبرپختونخواکے مختلف اضلاع میں آنے والے سیلاب،طوفانی بارشوں اور کلاوڈ برسٹ سے محکمہ توانائی وبرقیات خیبرپختونخوا کی زیرنگرانی چلنے والے کل 32منی مائیکروہائیڈل سٹیشنزکو نقصان اٹھاناپڑاہے جن میں ضلع بونیر میں قائم1منی مائیکروسٹیشن مکمل طورپر تباہ ہوچکاہے جبکہ 24کومعمولی نقصان اور7جزوی طورپر متاثر ہوئے ہیں۔تاہم خوش قسمتی سے پیڈوکے زیرنگرانی بڑے پن بجلی گھر اورجاری منصوبوں کے مقامات سیلابی تباہ کاریوں سے محفوظ رہے ہیں۔اسی طرح صوبے کے بعض مقامات پر مساجد،سکولوں اوربنیادی مراکزصحت میں نصب شمسی توانائی (سولر) کے متعدد یونٹس کوبھی تباہی کاسامناکرنا پڑاہے۔
اس سلسلے میں وزیراعلیٰ خیبرپختونخواکے معاون خصوصی برائے توانائی انجینئرطارق سدوزئی کی زیرصدارت حالیہ سیلابی تباہ کاروں سے ہونے والے نقصانات کا جائزہ لینے اوراحتیاطی تدابیر کے حوالے سے ایک خصوصی اجلاس منعقد ہواجس میں سیکرٹری توانائی محمد زبیرخان کے علاوہ ایڈیشنل سیکرٹریز محمدشعیب خان اورانورخان شیرانی، پیڈوچیف ایگزیکٹو انجینئرحبیب اللہ شاہ،سینئرچیف پلاننگ آفیسرظاہرشاہ سمیت دیگرافسران نے شرکت کی۔ اجلاس کے آغاز میں حالیہ سیلاب میں شہید ہونے والوں کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی گئی۔
اجلاس میں بتایا گیا کہ پیڈوکے زیرنگرانی ملاکنڈ ڈویژن کے علاقوں سوات،دیر،چترال اورہزارہ ڈویژن میں ایبٹ آباد،بالاکوٹ،مانسہرہ،جبوڑی سمیت صوابی،مردان کے دریاوں پرپن بجلی کی پیداوارکے متعدد منصوبے زیرتعمیر ہیں اوربعض بڑے بجلی گھر جن سے بجلی کی پیداوارہورہی ہے خوش قسمتی سے سیلابی تباہ کاریوں سے محفوظ رہے ہیں تاہم ابتدائی اعداد وشمار کے مطابق چھوٹی بجلی کی پیداوارکے منصوبے متاثر ہوئے ہیں۔اس موقع پر معاون خصوصی انجینئرطارق سدوزئی نے پیڈوکے سینئرافسران کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ وہ فوری طور پر تمام بجلی گھروں کی سائیٹس کے ہنگامی دورے کریں اور وہاں پر سیلابی سے ہونے والی تباہی کا جائزہ لینے سمیت فیلڈ سٹاف کو احتیاطی اقدامات اٹھانے کے لئے احکامات جاری کریں۔ انہوں نے تمام پراجیکٹ ڈائریکٹرزاورپراجیکٹ سٹاف کو تمام جاری منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے پرزوردیا۔
