وزیراعلیٰ کا صوبےکے مختلف علاقوں میں طوفانی بارشوں کے باعث حادثات کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات اور متعدد افراد کے جان بحق ہونے پر افسوس اور رنج وغم کااظہار
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپورنے باجوڑ، بونیر،مانسہرہ، دیر اوربٹگرام سمیت صوبے کے دیگراضلاع میں کلاﺅڈ برسٹ ،طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے باعث مختلف حادثات کے نتیجے میں ہونے والے نقصانات پر افسوس جبکہ ان واقعات میں متعدد افراد کے جاںبحق ہونے پر دلی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے جاںبحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے ۔ یہاں سے جاری اپنے ایک تعزیتی پیغام میں وزیراعلیٰ نے ان حادثات میں جاںبحق افراد کی مغفرت اورپسماندگان کیلئے صبر جمیل کی دُعا کی ہے اور کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت متاثرہ خاندانوں کے غم میں برابر کی شریک ہے۔ متاثرین کومشکل کی اس گھڑی میں تنہا نہیں چھوڑا جائے گا اور ان کی بھر پور معاونت کی جائے گی۔
وزیراعلیٰ نے ان واقعات میں زخمی افراد کی جلد صحت یابی کے لئے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ وہ زخمیوں کی جلد صحت کیلئے دُعا گو ہیں۔وزیراعلیٰ نے ان واقعات کی اطلاعات ملتے ہی فوری طور پرمتعلقہ انتظامیہ کے ساتھ ٹیلیفونک رابطہ کرکے متاثرین کو فوری ریلیف کی فراہمی اور سیلابی ریلوں میں پھنسے افراد کو بحفاظت ریسکیو کرنے کیلئے بھر پور اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ متاثرہ لوگوں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے تمام تر وسائل اور افرادی قوت کو بروئے کار لایا جائے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو فیلڈ میں جا کر ریسکیو آپریشنز کی بذات خود نگرانی کرنے اور صورتحال کی رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرنے کی بھی ہدایت کی ہے۔وزیراعلیٰ نے ضلع باجوڑ اور بونیر میں متاثرین کیلئے امداد سامان کی فراہمی اور انہیں ریسکیو کرنے کیلئے صوبائی حکومت کے دونوں ہیلی کاپٹرز فراہم کئے ۔ وزیراعلیٰ نے موجودہ موسمی صورتحال کے پیش نظر تمام ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کو ہائی الرٹ پر رہنے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں بروقت ریسپانس اور لوگوں کو محفوظ بنانے کیلئے پیشگی اقدامات کئے جائیں اور اس بات کو یقینی بنایا جائے کہ بارشوں کے باعث حادثات میں نقصانات کم سے کم ہوں۔
دریں اثناء، وزیر اعلیٰ نے صوبے میں موجودہ ہنگامی صورتحال سے متعلق جاری اپنے ویڈیو بیان میں کہا ہے کہ صوبے خصوصاً ملاکنڈ اور ہزارہ ریجنز میں کلاوڈ برسٹ اور بارشوں کی وجہ سے بھیانک قسم کے سیلابی ریلے آئے ہیں جس کے نتیجے میں مختلف حادثات سے بہت زیادہ جانی و مالی نقصانات ہوئے ہیں جبکہ اس صورتحال میں لوگوں کو ریسکیو کرنے کے لئے صوبائی حکومت کے دو ہیلی کاپٹرز کام کر رہے تھے لیکن بد قسمتی سے ان میں سے ایک ہیلی کاپٹر خراب موسم کی وجہ سے افسوسناک حادثے کا شکار ہوا جس کے نتیجے میں عملے کے پانچ افراد شہید ہوئے۔ وزیر اعلیٰ نے مزید کہا کہ اس ہنگامی صورتحال میں ضلعی انتظامیہ اور صوبائی حکومت کے تمام متعلقہ محکمے اور ادارے ریسکیو اور ریلیف کاروائیوں میں مصروف ہیں اور اس صورتحال میں ہم لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کے لئے تمام اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ ہاوس میں کنٹرول روم کے ذریعے تمام صورتحال کی مانیٹرنگ کی جا رہی ہے جبکہ متاثرہ اضلاع کے ساتھ ساتھ دیگر اضلاع کی انتظامیہ کو بھی ہائی الرٹ کیا گیا ہے۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ دیگر اضلاع میں بھی حفاظتی اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، متاثرہ علاقوں میں ریسکیو کاروائیوں اور بند سڑکوں کو کھولنے کے لئے ہیوی مشینری لگا دی گئی ہے جبکہ املاک کو پہنچنے والے نقصانات کے ازالے کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ مشکل کی اس گھڑی میں صوبائی حکومت اپنی عوام کے ساتھ کھڑی ہے، صوبائی حکومت ان قدرتی آفات سے ہونے والے نقصانات کا مکمل ازالہ کرے گی۔ عوام سے اپیل ہے کہ احتیاطی تدابیر اپنائیں اور اس سلسلے میں انتظامیہ کے ساتھ مکمل تعاون کریں۔ ہمارے منتخب عوامی نمائندے بھی اس وقت متاثرہ علاقوں میں موجود ہیں جبکہ منتخب نمائندے بھی مقامی انتظامیہ کے ساتھ کوآرڈینیشن رکھیں، انشاءاللہ ہم سب مل کر بہت جلد اس صورتحال پر قابو پا لیں گے۔
وزیراعلیٰ کا صوبائی حکومت کے ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں دو پائلیٹ سمیت عملے کے پانج افراد کی شہادت پر تعزیت کا اظہار
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے خراب موسم کی وجہ سے باجوڑ کے بارشوں سے متاثرہ علاقہ سالارزئی کے لئے امدادی سامان لے جانے والا صوبائی حکومت کا ایم آئی 17 ہیلی کاپٹر کو پیش آنے والے ناخوشگوار واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے واقعے میں دو پائلیٹ سمیت عملے کے پانج افراد کی شہادت پر تعزیت کی ہے۔ وزیر اعلی نے اس افسوسناک حادثے پر صوبے میں آج ایک روزہ سوگ منانے اور قومی پرچم سرنگوں رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ اپنے بیان میں وزیر اعلی نے کہا ہے کہ حادثے کی جگہ کی طرف امدادی ٹیمیں روانہ کردی گئی ہیں اور شہداء کی ڈیڈ باڈیز کو ریکور کرکے انہیں پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کردیا کیا جائے گا۔ شہداء کے اہل خانہ کے ساتھ دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ سوگوار خاندانوں کے غم میں برابر کے شریک ہیں، شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتے ہیں۔ علی امین گنڈاپور نے ان شہداء کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کاپٹر عملے نے دوسروں کی جائیں بچانے کے لئے اپنی جانیں قربان کردیں، یہ ہمارے اصل ہیرو ہیں اور ان کی قربانی تاریخ میں سنہرے حروف میں لکھی جائے گی۔
