وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد، صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کی زیر صدارت جمعہ کے روز ڈپٹی کمشنرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس کا مقصد صوبے میں اضلاع کی سطح پر پبلک سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانا تھا۔وزیر اعلیٰ ہاوس پشاور میں منعقدہ اس کانفرنس میں متعلقہ صوبائی کابینہ اراکین، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکرٹری، متعلقہ انتظامی سیکرٹریز کے علاوہ ڈویژنل کمشنرز اور صوبہ بھر کے ڈپٹی کمشنرز نے شرکت کی۔کانفرنس میں صوبائی حکومت کے گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت مقرر کردہ اہداف پر پیشرفت کا جائزہ لیا گیا جس میں گڈ گورننس روڈ میپ میں شامل نو اہم شعبوں پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ ان شعبوں میں صحت، تعلیم، زراعت، لائیو اسٹاک، سیاحت، سوشل ویلفیئر، بلدیات، انتظامیہ اور سکیورٹی شامل ہیں۔کانفرنس میں گڈ گورننس روڈ میپ کے تحت ڈپٹی کمشنرز کے لئے عوامی خدمات کے سات اہم شعبوں میں اہداف کا تعین کیا گیاہے۔
ان اہداف میں بلدیات کے شعبے میں نو، سیاحت میں تین، سوشل ویلفیئر اور لائیو اسٹاک میں دو، دو جبکہ صحت، تعلیم اور زراعت میں ایک ایک ہدف شامل ہیں۔ ڈپٹی کمشنرز کو یہ اہداف حاصل کرنے کےلئے دسمبر 2025 تک کی ڈیڈ لائن دی گئی۔ صحت کے شعبے میں اس سال دسمبر تک تمام پرائمری مراکز صحت میں ضروری ادویات، آلات، طبی عملے کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ تعلیم کے شعبے میں سرکاری سکولوں میں اساتذہ اور طلبہ کی حاضری جبکہ سکولوں میں ناپید سہولیات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اسی طرح اس سال دسمبر تک زراعت کے شعبے میں تمام فارم سروس سنٹرز میں کھاد، بیچ، زرعی مشینری اور کیڑے مار ادویات کی سو فیصد دستیابی یقینی بنائی جائے گی جبکہ لائیو اسٹاک کے شعبے میں تمام ویٹرنری ہسپتالوں میں درکار عملے، ادویات اور آلات کی سو فیصد دستیابی کو یقینی بنایا جائے گا۔ سیاحت کے شعبے میں سیاحتی علاقوں میں تمام ٹورازم فیسیلیٹیشن ڈیسکس اور ریسٹ رومز کو مکمل طور پر فعال بنانے اور ان میں تمامتر متعلقہ سہولیات کی فراہمی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔
سوشل ویلفیئر کے شعبے میں صوبائی حکومت کے تمام دارالامان، پناہگاہوں اور زمونگ کور مراکز کے بہتر انتظام و انصرام کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ بلدیات کے شعبے میں تمام عوامی مقامات بشمول بس اسٹینڈز، پارکس، سبزی منڈیوں اور مذبح خانوں میں صفائی ستھرائی اور سروس ڈیلیوری کو بہتر بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اسی طرح تمام ویلج کونسلز میں صفائی عملے کی تعیناتی، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے اور سیوریج سسٹم کو یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اس کے علاوہ عمومی انتظامی شعبے میں قیمتوں کو کنٹرول کرنے اور معیاری اشیائے خوردونوش کی دستیابی یقینی بنانے کا ہدف مقرر کیا گیا۔ اسی طرح امن و امان کے شعبے میں دہشتگردوں کی پروفائلنگ کا ہدف مقرر کیا گیا۔ کانفرنس میں اضلاع کی سطح پر 99 نکاتی ایجنڈے کے تحت پبلک سروس ڈیلیوری کی صورتحال کا بھی تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
اس سلسلے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ 99 نکاتی ایجنڈے پر عملدرآمد سے نچلی سطح پر مختلف پبلک سروس ڈیلیوری میں کافی بہتری آئی ہے۔ کانفرنس میں پبلک سروس ڈیلیوری کو مزید بہتر بنانے کےلئے 99 نکاتی عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کی تھرڈ پارٹی کے ذریعے آزادانہ مانیٹرنگ کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور نے کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اضلاع کی سطح پر ڈپٹی کمشنرز حکومت کے دائیں ہاتھ کا کردار ادا کرتے ہیں، نچلی سطح پر حکومت کے وژن پر آن گراونڈ عملدرآمد میں ڈپٹی کمشنرز کا اہم کردار ہے، تمام ضلعی محکمے ڈپٹی کمشنرز کے ماتحت ہیں، ان سے کام لینا ڈپٹی کمشنرز کی ذمہ داری ہے۔ علی امین گنڈاپور نے واضح کیا کہ اگر کوئی بھی افسر یا اہلکار صحیح کام نہیں کر رہا تو ڈپٹی کمشنر متعلقہ سیکرٹری اور چیف سیکرٹری کو رپورٹ دے، ڈپٹی کمشنر کی رپورٹ پر ایسے افسران اور اہلکاروں کے خلاف سخت کاروائی عمل میں لائی جائے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ حکومت کے وژن پر عملدرآمد کے لئے ڈپٹی کمشنرز کو ذمہ داریوں کے ساتھ ساتھ بھر پور اختیارات بھی دئے جائیں گے، کسی بھی کوتاہی کی صورت میں متعلقہ ضلعی سربراہ سے بعد میں پوچھا جائے گا، ڈپٹی کمشنرز سے پہلے پوچھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ صوبائی حکومت کے وڑن پر آن گراونڈ عملدرآمد ہو۔ وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ ان کی حکومت کا نصب العین ہے کہ عوام کو پبلک سورس ڈیلیوری میں بہتری نظر آنی چاہیے، ہم نے پبلک سروس ڈیلیوری کو عوامی توقعات اور ضروریات سے ہم آہنگ کرنا ہے۔ علی امین گنڈاپور نے مزید کہا کہ لوگوں کو بنیادی سہولیات ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم ہونی چاہئیں، حکومت لوگوں کو سہولیات کی فراہمی کے لئے خاطر خواہ سرمایہ کاری کر رہی ہے، اس کے ٹھوس نتائج بھی سامنے آنے چاہیے۔
علی امین گنڈاپور نے ہدایت کی کہ کہ اس مقصد کے حصول کے لیے عوامی ایجنڈے پر عملدرآمد کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے، ڈپٹی کمشنرز عوامی رابطہ مہم کو مزید بہتر بنانے کے لئے باقاعدگی سے کھلی کچہریاں منعقد کریں جن میں متعلقہ منتخب عوامی نمائندوں کو بھی مدعو کیا جائے۔ وزیر اعلی نے عوامی رابطہ کاری کو بہتر بنانے کے لئے سوشل میڈیا کا موثر استعمال عمل میں لانے کی ہدایت کی اور کہا کہ سوشل میڈیا عوامی فیڈ بیک حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہے۔
انہوں نے مزید ہدایت کی کہ ڈپٹی کمشنرز معمول کے انتظامی امور اور پبلک سروس ڈیلیوری کے ساتھ ساتھ ترقیاتی کاموں پر بھی خصوصی فوکس کریں اور ترقیاتی منصوبوں میں کام کے معیار کو ہر لحاظ سے یقینی بنائیں، ترقیاتی منصوبوں کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔ علی امین گنڈاپور نے کہا کہ ترقیاتی کاموں کی تکمیل میں غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں، ڈپٹی کمشنرز تمام محکموں کے ترقیاتی منصوبوں کا ریگولر ریویو کیا کریں۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ صوبائی حکومت بہت جلد دیہی علاقوں میں صفائی پروگرام کا اجراءکرنے جا رہی ہے، پروگرام کے تحت ویلج کونسلز کی سطح پر صفائی عملہ بھرتی کیا جا رہا ہے، ڈپٹی کمشنرز اس پروگرام پر عملدرآمد پر خصوصی توجہ دیں اور اس پروگرام کو کامیاب بنانے کے لئے مقامی کمیونٹیز کو بھر پور انگیج کیا جائے۔
