چترال میں بجلی کی لوڈشیڈنگ اور کمر توڑ مہنگائی کے خلاف چترال میں جماعت اسلامی کے زیراہتمام احتجاجی مظاہرہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی امیر حافظ نعیم الرحمٰن کی کال پر مہنگائی، بجلی کی لوڈشیڈنگ، پٹرولیم مصنوعات اور چینی کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف چترال میں بھی زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ جس کی قیادت جماعت اسلامی لوئر چترال کے امیر وجیہ الدین نے کی، جبکہ سابق امیر جماعت اسلامی و ضلع ناظم مغفرت شاہ سمیت بڑی تعداد میں رہنماؤں اور کارکنان احتجاج میں حصہ لیا ۔
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے موجودہ حکومت پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ مہنگائی نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ اور شدید لوڈشیڈنگ نے عوام کو ذہنی اذیت میں مبتلا کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال جیسے پسماندہ علاقے میں جہاں مقامی سطح پر بجلی کی پیداوار موجود ہے، وہاں بھی غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ ظلم کے مترادف ہے۔
مقررین کا کہنا تھا کہ چینی جیسی بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتیں مسلسل بڑھ رہی ہیں، جس سے عام آدمی کی زندگی مزید مشکل ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی آمدنی میں اضافہ تو دور، روزگار کے مواقع ختم ہو چکے ہیں، اور غربت کی شرح تشویشناک حد تک بڑھ چکی ہے۔
خطاب میں یہ بھی کہا گیا کہ حکومت نے تعلیم اور خود انحصاری کی بجائے عوام کو خیرات کا عادی بنا دیا ہے۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام جیسے اقدامات نے محنت کش عوام کو بیکاری کی راہ پر ڈال دیا ہے، جس سے قومی وقار متاثر ہو رہا ہے۔
مظاہرین نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ مہنگائی پر قابو پایا جائے، بجلی کی لوڈشیڈنگ کا خاتمہ کیا جائے، اور پٹرولیم و اشیائے خورد و نوش کی قیمتوں کو عوام کی دسترس میں لایا جائے۔ بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ وسیع کر دیا جائے گا۔

