ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی خصوصی کاوش؛ دودرجن سے زائد نشے کے عادی افراد مفت علاج اور بحالی کے لیے پشاور منتقل
چترال( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال، راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی کاوشوں سے ضلع لوئر چترال سے 24 ایسے افراد کو پشاور روانہ کر دیا گیا ہے جو نشے کی لت میں مبتلا تھے۔ جن میں زیادہ تر چترال کے نوجوان شامل ہیں، جومختلف نشے میں مبتلا ہوکر فیملی کےلئے پریشانی کا باعث بنے ہوئے تھے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل عبدالسلام، اسسٹنٹ کمشنر،ڈسٹرکٹ سوشل ویلفیئر آفیسر لوئیر چترال خضرحیات اور پولیس کے افسران بھی موجود تھے۔
ان تمام افراد کو پشاور کے بحالی مرکز میں داخل کیا جائے گا، جہاں انہیں نہ صرف طبی امداد فراہم کی جائے گی بلکہ نفسیاتی مشاورت، سماجی رہنمائی اور پیشہ ورانہ تربیت بھی دی جائے گی تاکہ وہ علاج کے بعد ایک نئی اور باوقار زندگی کا آغاز کر سکیں۔ اس اقدام کا مقصد ضلع میں نشے کے بڑھتے ہوئے مسئلے پر قابو پانا اور ان افراد کو معاشرے کا ایک فعال اور صحت مند حصہ بنانا ہے. یہ قدم لوئر چترال میں منشیات کے خلاف جنگ میں ایک اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔
دریں اثنا اس اہم اقدام پر چترال کے مختلف مکاتب فکر نے ڈپٹی کمشنر چترال ، انتظامیہ کے دیگر متعلقہ افسران اور سوشل ویلفئیر آفیسر کا خصوصی شکریہ ادا کیا ہےاور اس امید کا اظہار کیا ہے کہ چترال سے نشے کی ناسور کو ختم کرنے میں بھی ڈپٹی کمشنر ودیگر حکام اپنا کردار ادا کریں گے۔



