پی ٹی آئی کیلیے بڑا چیلنج – میری بات/روہیل اکبر
پاکستان تحریک انصاف کے لیے دن بدن مشکلات میں اضافہ ہی ہوتا جارہا ہے پنجاب اسمبلی میں 26اراکین کی معطلی کے بعدبلوچستان میں پارٹی پر پابندی کی قرارداد کی منظوری اور سپریم کورٹ کی طرف سے مخصوص نشستوں کا فیصلہ آنے کے بعد پارٹی مشکلات کے بھنور میں پھنستی جارہی ہے ابھی آنے والے وقت میں نہ جانے کیا کیا اور ہوگاحالانکہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) حالیہ برسوں میں پاکستان کی سب سے بڑی اور مؤثر سیاسی جماعتوں میں سے ایک کے طور پر ابھرکرسامنے آئی ہے تاہم 9 مئی 2023 کے واقعات کے بعد سے پارٹی کو شدید چیلنجز کا سامنا ہے 9 مئی کے واقعات کے بعد پنجاب سے کئی اہم پی ٹی آئی رہنماؤں نے پارٹی چھوڑ دی ہے جس سے پارٹی کی صوبائی تنظیمیں کمزور ہوئی ہے اسکے ساتھ ساتھ پنجاب میں پی ٹی آئی کے رہنماؤں اور کارکنوں کو متعدد قانونی مقدمات کا سامنابھی ہے جس سے پی ٹی آئی کی سیاسی سرگرمیاں محدود ہوئی ہیں
جس نے اس کی سیاسی حیثیت کو چاروں صوبوں میں مختلف طریقوں سے متاثر کیا ہے آئندہ دنوں میں پی ٹی آئی کو ان چیلنجز سے نمٹنے اور اپنی سیاسی ساکھ کو بحال کرنے کے لیے سخت جدوجہد کا سامنا کرناہوگا اس وقت ملک بھر میں پی ٹی آئی کہاں کھڑی ہے؟بات پنجاب سے سے شروع کرتے ہیں پنجاب جو پاکستان کا سب سے بڑا صوبہ ہے اور قومی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرتا ہے 2022 کے ضمنی انتخابات میں پی ٹی آئی نے مسلم لیگ (ن) کو شکست دے کر پنجاب میں اپنی حکومت قائم کی تھی جو مختصر مدت کے لیے تھی 2024 کے عام انتخابات کے بعد پی ٹی آئی (جو سنی اتحاد کونسل کے ساتھ اتحادی تھی) نے اگرچہ پنجاب میں بڑی تعداد میں نشستیں حاصل کیں لیکن حکومت بنانے میں ناکام رہی جسکے بعد مسلم لیگ ن نے حکومت بنا لی اور پی ٹی آئی نے مضبوط اپوزیشن کا کردار ادا کرنا شروع کردیا
ابھی حالیہ بجٹ کے بعد میں پی ٹی آئی کے26 اراکین کی معطلی کے بعد اپوزیشن کو نہ صرف عددی نقصان کا سامنا ہے بلکہ اسمبلی اجلاس بلانے کا آئینی اختیار بھی محدود ہو گیا ہے اسمبلی قواعد کے مطابق اجلاس بلانے کے لیے اپوزیشن کو کم از کم 93 اراکین کے دستخط درکار ہوتے ہیں معطلی کے بعد اب اپوزیشن کے پاس صرف 79 اراکین رہ گئے ہیں پنجاب اسمبلی میں اپوزیشن کی کل تعداد 105 تھی جب تک معطل اراکین کو بحال نہیں کیا جاتاتب تک اپوزیشن کسی بھی قسم کی ریکوزیشن جمع نہیں کرا سکتی جس سے ایوان میں حکومت پر دبا ڈالنے کی حکمت عملی بھی متاثر ہو گی یہ ساری صورتحال اس وقت پیدا ہوئی جب وزیراعلیٰ مریم نواز کی تقریر کے دوران ایوان میں ہنگامہ آرائی اور نعرے بازی کی گئی حالانکہ یہ اسمبلیوں میں معمول کی بات سمجھی جاتی رہی ہے لیکن اس بار سپیکر ملک محمد احمد خان نے اراکین کی معطلی کے ساتھ 10 پی ٹی آئی ارکان پر اسمبلی میں توڑ پھوڑ اور مائیکروفون کو نقصان پہنچانے پر 20 لاکھ روپے سے زائد کا جرمانہ بھی عائد کیا ہے
ان تمام واقعات نے پنجاب میں پی ٹی آئی کی سیاسی قوت کو نمایاں طور پر متاثر کیا ہے جبکہ قیادت کے انخلا، ارکان کی معطلی اور مخصوص نشستوں سے محرومی نے پارٹی کو مزید مشکلات سے دوچار کردیاہے اسی طرح پی ٹی آئی کو ایک اور بڑادھچکا سپریم کورٹ کے حالیہ فیصلہ سے بھی پہنچا ہے جس میں 2024 کے عام انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کو مخصوص نشستوں سے محروم کر دیا گیا یہ فیصلہ جولائی 2024 کے سابقہ حکم کو کالعدم قرار دیتا ہے جس میں پی ٹی آئی کو پارلیمانی جماعت کے طور پر بحال کیا گیا تھا اور اسے قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں مخصوص نشستوں کا دعویٰ کرنے کی اجازت دی گئی تھی اس فیصلے کے نتیجے میں پی ٹی آئی کو قومی اور صوبائی اسمبلیوں میں تقریباً 80 مخصوص نشستوں سے ہاتھ دھونا پڑیگاپنجاب کے بعد بلوچستان میں میں پی ٹی آئی کی سیاسی حیثیت دیگر صوبوں کے مقابلے میں سب سے کمزور ہے 2024 کے عام انتخابات میں بلوچستان میں پی ٹی آئی کی کارکردگی نمایاں نہیں رہی وہاں سیاسی منظر نامہ مختلف علاقائی اور قوم پرست جماعتوں کے درمیان منقسم ہے جن میں بلوچستان نیشنل پارٹی، پشتونخوا ملی عوامی پارٹی اور جمعیت علمائے اسلام (ف) نمایاں ہیں
چونکہ پی ٹی آئی نے بلوچستان میں کوئی براہ راست نشست نہیں جیتی تھی اس لیے اسے وہاں مخصوص نشستیں بھی نہیں مل سکیں بلوچستان میں پی ٹی آئی کا تنظیمی ڈھانچہ بھی نسبتاً کمزور ہے اور اس کی عوامی حمایت بھی محدود ہے وہاں حکومتی سطح پر بلوچستان عوامی پارٹی، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی (ف) کا اتحاد زیادہ مضبوط ہے بلوچستان اسمبلی میں پی ٹی آئی پر پابندی لگانے کی قرارداد بھی منظور کی جا چکی ہے جو پارٹی کے لیے ایک بڑا خطرہ ہے صوبہ سندھ کی بات کریں تو وہاں پر پاکستان پیپلز پارٹی (پی پی پی) کی مضبوط گرفت ہے اور پی ٹی آئی کی حیثیت وہاں قدرے کمزور ہے 2024 کے انتخابات کے بعد سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں کی موجودگی محدود ہے جس سے پی پی پی کو صوبے میں “ون پارٹی رول” جیسی صورت حال کا سامنا ہے پی ٹی آئی کی حمایت زیادہ تر کراچی اور حیدرآباد جیسے شہری مراکز تک محدود ہے جبکہ دیہی سندھ میں پیپلز پارٹی کا مقابلہ مشکل ہے
تین صوبوں کے بعد چوتھے صوبے خیبر پختون خوا ہ(کے پی کے) کوپی ٹی آئی کا گڑھ سمجھا جاتا ہے اور یہ واحد صوبہ ہے جہاں 2024 کے انتخابات کے بعد پی ٹی آئی کی حمایت یافتہ حکومت قائم ہے اس وقت بھی پی ٹی آئی حکومت کو صوبہ میں مضبوط عوامی حمایت حاصل ہے وزیراعلیٰ علی امین گنڈاپور کی قیادت میں پارٹی صوبے کے معاملات چلا رہی ہے اگرچہ کے پی کے میں پی ٹی آئی کی حکومت ہے لیکن اسے مرکز سے قانونی اور سیاسی دباؤ کا سامنا ہے مجموعی طور پر ملک بھر میں پاکستان تحریک انصاف کو 9 مئی کے واقعات اور اس کے نتیجے میں ہونے والی کریک ڈاؤن کے بعد شدید مشکلات کا سامنا ہے پارٹی کو اس وقت قیادت کے انخلا، قانونی مقدمات اور مخصوص نشستوں کے خاتمے جیسے مسائل کا سامنا ہے جس نے اس کی ملک گیر سیاسی حیثیت کو متاثر کیا ہے۔ پی ٹی آئی کے لیے مستقبل میں اپنی سیاسی قوت کو دوبارہ مستحکم کرنا ایک بڑا چیلنج ہو گا۔
