تجار یونین لوئیر چترال کے عبوری کابینہ کا تجار یونین ملاکنڈ ڈویژن کی کال پر کل بدھ کے روز مکمل شٹرڈاون ہڑتال کا اعلان
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ملاکنڈ ڈویژن میں تاجر برادری پر ٹیکس لاگو کرنے کے حوالے سے تجاریونین لویر چترال کے عبوری کابینہ نے تجاریونین ملاکنڈ ڈویژن کے صدر عبدالرحیم کی کال پر بدھ کے روز شٹر ڈاون ہڑتال کا اعلان کردیا جبکہ اس سے قبل تجاریونین کی طرف سے نور احمد خان کی طرف سے دی گئی کال کو مسترد کردیا تھا۔ مقامی میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گزشتہ تجاریونین کے الیکشن میں صدارتی امیدوار کفایت اللہ اور عبوری کابینہ کے اراکین نائب صدر ہارون رشید اور جنرل سیکرٹری امجد حسین نے کہاکہ انہوں نے تاجر رہنماوں سے ضروری مشاورت کے بعد ملاکنڈ ڈویژن کے صدر کی کال پر لبیک کہتے ہوئے تاجر برادری کے ساتھ یکجہتی کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے تاکہ حکومت اس ظالمانہ فیصلے کو واپس لینے پر مجبور ہو۔
انہوں نے کہاکہ چترال میں تاجر برادری کی مینڈیٹ کی توہین کرنے والے اپنی حق نمائندگی کھو چکے ہیں جوکہ تاجر برادری کے سامنے آنے کی ہمت نہیں رکھتے اور سوشل میڈیا پر شٹر ڈاون ہڑتال کی کال دے رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ علاقہ کے عوام اور تاجر برادری کے بہترین مفاد میں چترال شہر اور مضافات اور بڑے قصبوں میں تاجر برادری بدھ کے روز مکمل ہڑتال کرکے ڈویژنل سطح پر برادری کا ساتھ دیگی۔