صوبائی وزیر کھیل کا چترال پولوگراونڈ کی مرمت، چترال میں سپورٹس کمپلیکس کی تعمیر، پولوٹورنامنٹ کو کیلنڈر ایونٹس میں شامل کرنے اور رائیڈنگ کلب قائم کرنے کااعلان
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) پری شندور پولو ٹورنامنٹ کے فائنل میں بطور مہمان خصوصی صوبائی وزیر کھیل سید فخر جہان نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ چترال کے لوگوں کی زندگی میں پولو کا کھیل بہت ہی اہمیت رکھتا ہے جس کااندازہ کھیل کے دوران تماشائیوں کی جوش وخروش سے لگایا جاسکتا ہے جوکہ کھیل کے آخر تک جذبات میں ڈوبے رہتے ہیں اور یہ کسی کھیل نہیں بلکہ کسی میدان جنگ کا منظر پیش کرتا ہے۔ انہوں نے فائنل میں کھیلنے والے دونوں ٹیموں کو داد دیتے ہوئے کہاکہ دونوں نے انتہائی پیشہ ورانہ اور تکنیکی طور پر درست کھیل کا مظاہرہ کیا لیکن ہار جیت اس کھیل کا ضروری حصہ ہوتا ہے۔
انہوں نے کہاکہ چترال میں پولو کے کھیل کی اہمیت کے پیش نظر پولو گراونڈ کو شایان شان طریقے سے تعمیر کرنے کی ضرورت ہے جس کے لئے وہ عید الاضحی کے فوری بعد قدم اٹھائیں گے اور یہاں اسپورٹس کمپلیکس کی تعمیرپر کام شروع کیا جائے گا جس میں پولو اور فٹ بال کے ساتھ تمام کھیلوں کے گراونڈز دستیاب ہوں گے۔ سید فخر جہان نے چترال میں رائیڈنگ کلب قائم کرکے پولو کے کھیل کو فروع دینے کا اعلان کیا جس میں نوجوانوں کو پولو کے کھیل کی تربیت فراہم کی جائے گی اور تحریک انصاف کے بانی عمران خان کی وژن کے مطابق کھیلوں کو فروع دینااس حکومت کی خصوصی ترجیحات میں شامل ہے جس میں وزیر اعلیٰ گنڈاپور خصوصی دلچسپی کا مظاہرہ کررہے ہیں۔
انہوں نے اسپورٹس ڈیپارٹمنٹ کے زیر اہتما م اس ٹورنامنٹ کو باقاعدگی کے ساتھ ہر سال منعقد کرنے کے لئے اسے کیلنڈر ایونٹس میں شامل کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ شندور کا فیسٹول بھی روایتی جو ش وخروش کے ساتھ منعقد کیاجائے گا جس میں وہ خود بھی شریک ہوں گے۔ مہمان خصوصی نے ونر ٹیم کو شیلڈ پیش کیا اور ونر ٹیم کو دو لاکھ روپے اور رنر اپ ٹیم کو ایک لاکھ روپے نقد انعام کا بھی اعلان کیا۔



