روڈ تحریک کے زیراہتمام چترال کے مختلف علاقوں میں احتجاجی مظاہرے، حکومت سے سڑکوں کی فوری تعمیر ومرمت کا مطالبہ
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) روڈ تحریک چترال کے زیرِ اہتمام آج چترال کے مختلف علاقوں، جن میں چیو پل دنین، کاری، کوغوزی، مروئی، موری لشٹ، موری بالا اور برنس چوک شامل ہیں، میں نمازِ جمعہ کے بعد زبردست احتجاجی مظاہرے کیے گئے۔ مظاہرین نے چترال کی انتہائی خستہ حال سڑکوں کے خلاف شدید غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت پر کڑی تنقید کی اور واضح الفاظ میں مطالبہ کیا کہ ان سڑکوں کی فوری تعمیر و مرمت کا آغاز کیا جائے۔
شرکاء نے خبردار کیا کہ اگر حکومت نے فی الفور سنجیدہ اور عملی اقدامات نہ اٹھائے تو احتجاجی تحریک کو مزید وسعت دی جائے گی اور یہ احتجاج مزید شدت اختیار کرے گا۔ مظاہرین کا کہنا تھا کہ چترال کے عوام طویل عرصے سے بنیادی سہولیات سے محروم ہیں، اور اب برداشت کی تمام حدیں پار ہو چکی ہیں۔ حکومت اگر واقعی عوامی نمائندگی کا دعویٰ کرتی ہے تو اسے فوری طور پر چترال کی تباہ حال سڑکوں کی بحالی کو اپنی اولین ترجیح بنانا ہوگا۔
احتجاجی مظاہرین سے جماعت اسلامی چترال لوئیر کے امیر وجیہ الدین، جمعیت علمائے اسلام کے سابق امیر وسابق ایم پی اے مولانا عبد الرحمن، ودیگر رہنماوں نے خطاب کیا، جبکہ موری لشٹ کے مقام پر چترال کے منتخب ایم این اے عبد الطیف نے بھی خطاب کیا، اور اپنی طرف سے ہر فورم پر آواز اُٹھانے کی یقین دہانی کی۔





