تورکہو روڈ میں مبینہ بدعنوانی اور پراجیکٹ کی تکمیل میں غیر معمولی تاخیر پرعلاقے کے عوام سراپا احتجاج، رائین میں احتجاجی جلسے کے بعد لانگ مارچ کرکے شرکاٗ بونی پہنچ گئے، سول سوسائٹی سے احتجاج میں شرکت کی اپیل
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) اپر چترال کے بوزند تورکہو روڈ میں مبینہ بدعنوانی، ٹھیکہ دار کو پیشگی ادائیگی، غیر معیاری کام اور پراجیکٹ کی تکمیل میں غیرمعمولی تاخیر پر تورکھو اور تریچ کے ہزاروں عوام احتجاج کے لئے جمعرات کے روز میدان میں آگئے اور رائین گاؤں میں چھ گھنٹے تک دھرنا دینے کے بعد اپر چترال کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز بونی کی طرف گاڑیوں میں لانگ مار چ شروع کردی ہے جہاں وہ سی اینڈ ڈبلیو ڈیپارٹمنٹ کے دفترا کا گھیراؤ کریں گے۔ ہڑتال کی کال تورکھواینڈ تریچ روڈ فورم (ٹی ٹی آر ایف) کے نام سے ایکشن فورم نے دی تھی۔
لانگ مارچ میں شامل استار و یونین کونسل کے چیرمین محمد حافظ نے ٹیلی فون پر پرمیڈیا کو بتایاکہ تورکھو اور تریچ کے عوام کا اب منتخب نمائندوں بشمول مقامی ایم پی اے اور ڈپٹی اسپیکر صوبائی اسمبلی ثریا بی بی اور ضلعی انتظامیہ پر کوئی اعتبار نہیں رہا جوکہ کئی دفعہ اس روڈ پراجیکٹ کے حوالے سے تحریری معاہدوں کے باوجود اپنے وعدے پورے نہیں کئے اورعوام نے راست قدم اٹھانے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ آج شام 5بجے تک حکومت کو دی گئی ڈیڈ لائن کے خاتمے کے بعد وہ لگ بھگ چار سو گاڑیوں کا قافلہ لے کر بونی کی طرف روانہ ہوگئے ہیں اور اس وقت بونی کے قریب کا غ لشٹ کے مقام پر پہنچ چکے ہیں اور بونی کی طرف پیش قدمی جاری ہے۔ انہوں نے کہاکہ جلوس کے شرکاء میں انتہائی جوش وخروش پائی جاتی ہے۔
اخری اطلاع کے مطابق جلوس کے شرکاٗ ضلعی ہیڈکوارٹرز بونی پہنچ گئے جہاں وہ مطالبات پر عملدرآمد تک دھرنا دے کر بیٹھ جائیں گے اور ضرورت پڑی تو سی اینڈ ڈبلیو کے دفتر کا گھیراؤں بھی کریں گے۔
ٹی ٹی آر ایف نے جمعرات کی رات جاری بیان میں اپر چترال کی سیاسی جماعتوں، سول سوسائٹی کی تنظیموں، تجار اور ڈرائیور یونین اور خصوصا عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ بڑی تعداد میں اس کے دھرنے میں شریک ہو کر آئینی اور بنیادی حقوق کی جدوجہد میں ساتھ دیں۔
ٹی ٹی آر نے امید ظاہر کی ہے کہ بونی اور دیگر قریبی علاقوں کے عوام ماضی کی طرح اس بار بھی دھرنے میں نہ صرف شریک ہوں گے بلکہ شرکا کی سہولت کاری بھی کریں گے۔
ٹی ٹی آر ایف کا کہنا ہے کہ ہماری جدوجہد مکمل آئینی، قانوی، اخلاقی اور لاجیکل ہے اور علاقے کے عوام 16 سال سے جاری ظلم و زیادتی اور محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کی طرف سے لوٹ مار کے خلاف ہے،۔
اس جدوجہد میں ہر آئین، قانون اور جمہوریت پسند شہری کو ٹی ٹی آر ایف کا ساتھ دینا چاہیے۔



