کالاش کمیونٹی کی مشہور تہوارچیلم جشٹ تمام تررعنائیوں کے ساتھ اختتام پذیر، ملکی وغیرملکی سیاحوں کی کثیر تعداد میں شرکت، وزیراعلیٰ کے مشیربرائے ثقافت وسیاحت ذاہد چن زیب بھی اختتامی تقریب میں شریک رہے، کالاش ویلی سڑکوں کی مرمت کےلئے اٹھارہ کروڑ روپے جاری، ذاہد چن زیب
چترال ( سیف الرحمن عزیز ) چترال کے جنوب میں بمبوریت، رمبور اور بریر کی وادیوں میں بسنے والے کالاش لوگوں کا موسم بہار کا تہوارچیلم جشٹ پانچ دن تک جاری رہنے کے بعد جمعہ کو یہاں احتتام پذیر ہوگیا۔ تہوار کے لئے کالاش ویلیز ڈویلپمنٹ آتھارٹی کی طرف سے تمام تر انتظامات کئے گئے تھے، جس کو سیاحوں نے سراہا ،
احتتامی دن کی سب سے بڑی تقریب بمبوریت کے مرکزی رقص کی جگہ چھارسو میں روایتی انداز میں مختلف ٹولیوں میں گانا اور رقص کی صورت میں رات گئے تک جاری رہے گا۔
دوپہر کو چھارسو پہنچنے سے پہلے وادی کے مختلف دیہاتوں کے کالاش لوگ ایک قریبی میدان میں جمع ہوکر چھار سو کی طرف مارچ کیا۔ مارچ کے شرکاء نے اخروٹ کی تازہ کٹی ہوئی ٹہنیاں اٹھا رکھی تھیں جنہیں وہ راستے بھر میں لہراتے رہے۔ رمبور اور بریر کی دیگر دو وادیوں کے کالاش لوگ بھی احتتامی تقریب میں شرکت کے لیے وادی بمبوریت میں جمع ہوئے تھے۔مقامی اور غیر ملکی سیاحوں نے گزشتہ چند سالوں کے برعکس تہوار کے موقع پر وادی میں بڑی تعداد میں پہنچ گئے تھے جس کی وجہ سے وادی کے ہوٹلوں میں کمرے اپنی گنجائش کے مطابق بھر گئے تھے۔میلے کے دوران غیر ملکی سیاح بھی سینکڑوں کی تعداد میں وادیوں میں پہنچے تھے جبکہ ملک کے مختلف شہروں سے آئے ہوئے مقامی سیاحوں نے بھی بڑی تعداد میں شرکت کی۔ فیسٹول میں شرکت کرنے والے سیاحوں نے کالاش وادیوں کی سڑکوں کی ناگفتہ بہہ حالت پر اپنی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ بین الاقوامی اہمیت اور شہرت کی ان وادیوں میں سڑکوں کی بہتر بنانے سے ہی ٹورز م کو ترقی مل سکتی ہے۔
چھارسو میں ڈھول کی تھاپ پر گانا اور رقص کا سلسلہ صبح تک جاری رہے گا اور ڈانسنگ سیشن کے آخری حصے میں نوجوان لڑکے اور لڑکیاں شادی کا وعدہ کریں گے۔یہ تہوار نہ صرف موسم بہار کی آمد کا تہوار ہے بلکہ یہ مذہبی نقطہ نظر سے بھی اہم ہے کیونکہ اس میں مذہب کی تقریباً تمام رسومات شامل ہیں۔
وزیر اعلیٰ کے مشیر کھیل و ثقافت زاہد چن زیب میلے کے دوران وادیوں میں موجود رہے اور اختتامی تقریب میں شرکت کی جبکہ صوبائی حکومت کے فوکل پرسن برائے اقلیتی امور وزیر زادہ کالاش بھی موجود تھے۔
چھارسو میں مقا میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کالاش کی وادیوں میں سیاحت کے فروغ کا مقصد یہاں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے کر کالاش کے لوگوں کی تقدیر بدلنا ہے۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کے مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کہا ہے کہ وادی کیلاش کی پرانی سڑک کی مرمت و بحالی کیلئے 18 کروڑ کی رقم محکمہ سی اینڈ ڈبلیو کو جاری کردی گئی ہے جلد سڑک کے تعمیراتی کام کا آغا زکردیا جائے گا جس سے سیاح پوری وادی کی سیر و تفریح کر سکیں گے۔ چلم جوش تہوار میں کثیر تعداد میں ملکی و غیرملکی سیاحوں کی آمد خو ش آئند ہے۔
مشیر سیاحت و ثقافت نے کالاش ویلیز ڈیویلپمنٹ آتھارٹی کی فیسٹول کے لئے کئے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ وادی کیلاش میں سیاحوں کیلئے ٹورازم پولیس سمیت دیگر محکموں نے بھی احسن طریقے سے ڈیوٹی سرانجام دی۔ خیبرپختونخوا کلچراینڈٹورازم اتھارٹی نے سیاحوں کیلئے وادی میں موجود نہ صرف کیمپنگ پاڈز کھولے بلکہ دیر اور چترال میں موجود سیاحتی سہولت مراکز کے ذریعے سیاحوں کو سہولیات بھی فراہم کیں۔اس موقع پر مشیر سیاحت و ثقافت زاہد چن زیب نے کیلاش وادی میں موجود عجائب گھر اور دیگر مقامات کا دورہ بھی کیا۔




















