چکدرہ تا لواری ٹنل جدید شاہراہِ 60 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہوگی جس میں لڑم سے رباط تک ٹنل کی تعمیر بھی شامل ہے۔ ملک لیاقت علی
دیر موٹر وے میگا پروجیکٹ کیلئے سنجیدہ کوششیں جاری ہیں، ملک لیاقت علی
دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور کے وفد کی وزیراعلیٰ کے مشیر برائے بہبود آبادی سے ملاقات
پشاور (نمائندہ چترال ٹائمز) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کے مشیر برائے بہبود آبادی، ملک لیاقت علی خان نے کہا ہے کہ چکدرہ تا لواری ٹنل دیر موٹروے کا میگا پروجیکٹ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ اور سی پیک دونوں ذرائع سے مکمل کرنے کیلئے کوششیں جاری ہیں جو علاقے میں معاشی سرگرمیوں کو فروغ دے گا۔ وہ دیر ویلفیئر آرگنائزیشن پشاور کے وفد سے باتیں کر رہے تھے۔ وفد نے صدر حاجی سلطان یوسف دیر لالہ جی کی زیرقیادت ان سے سول سیکرٹریٹ پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران دیر بالا اور دیر زیریں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کے علاؤہ پشاور میں مقیم اہلیانِ دیر کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔ملک لیاقت علی خان کا کہنا تھا کہ پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت چکدرہ تا لواری ٹنل جدید شاہراہِ 60 ارب روپے کی تخمینہ لاگت سے مکمل ہوگی جس میں لڑم سے رباط تک ٹنل کی تعمیر بھی شامل ہے۔
آسی طرح چترال تک 214 کلومیٹر طویل تجویز کردہ موٹروے منصوبے کو سی پیک میں شامل کرنے کی کوششیں بھی جاری ہیں۔ ملک لیاقت علی خان نے وفد کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کے حل میں کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے گی جبکہ اہلیانِ دیر اپنے اجتماعی و انفرادی مسائل کیلئے کسی بھی وقت ان سے رجوع کر سکتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دونوں اضلاع دیر میں مواصلات، تعمیرات، تعلیم، صحت، آبپاشی، توانائی، سیاحت اور ثقافت کے شعبوں میں انقلابی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ صحت کے شعبے میں دیر زیریں کے ضلعی اسپتال تیمرگرہ کی اپ گریڈیشن کی جا رہی ہے جبکہ تیمرگرہ میڈیکل کالج کو جدید طبی آلات سے آراستہ کیا جا رہا ہے تاکہ اُسے علاقے کا بہترین طبی ادارہ بنایا جا سکے۔ تعلیم کے شعبے میں دیر یونیورسٹی کے قیام کے علاؤہ نئے سکولوں کے قیام اور موجودہ تعلیمی اداروں کی اپ گریڈیشن کے منصوبے شامل ہیں۔ توانائی کے شعبے میں 180 سے زائد مائیکرو ہائیڈل پاور اسٹیشنز نصب کئے جا چکے ہیں جبکہ حکومتی وسائل کے علاؤہ یورپی یونین کے مالی و فنی تعاون سے مقامی سطح پر سڑکوں، پانی کی فراہمی اور دیگر بنیادی سہولیات کے منصوبے کامیابی سے مکمل کئے جا رہے ہیں۔
وفد نے ملک لیاقت علی خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ان کے مسائل کو توجہ سے سنا اور ان کے حل کی یقین دہانی کرائی۔ وفد نے صوبائی حکومت کی ترقیاتی پالیسیوں کو سراہتے ہوئے اس ضمن میں اپنے بھرپور تعاون کا یقین دلایا۔
