ڈی پی او اپر چترال محمد عتیق شاہ تبدیل، ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب
اپرچترال ( محمد ذاکر زخمی ) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر اپرچترال محمد عتیق شاہ کا ایک سال تک اپر چترال میں فرائض نبھانے کے بعد تبادلہ ہوا۔ اس موقع پر اپر چترال پولیس لائن میں ان کے اعزاز میں الوداعی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج، ایڈیشنل سیشن جج، سول جج، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل، اسسٹنٹ کمشنر مستوج، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر موڑکھؤ تورکھو،ایس پی اینوسٹی گیشین پریزیڈنٹ اسماعیلی کونسل اپر، صدر ڈسٹرکٹ بار اپر چترال ، قاضی غلام ربانی، صدر تجارتی یونین بونی، ڈی ایس پی صاحبان کے علاوہ عوامی نمائندے اور سول سوسائٹی کے افراد نے شرکت کی۔
اس موقع پر بحیثیت ضلعی پولیس آفیسر ان کی خدمات، فرض شناسی، عوام دوستی اور علاقائی اقدار کے احترام کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا گیا۔ محمد عتیق شاہ ایک عوام دوست پولیس آفیسر تھے جو ہر وقت عوام کے درمیان موجود رہ کر پولیس اور عوام کے درمیان فاصلے کم کرنے میں کلیدی کردار ادا کیا۔ انہوں نے ہر حساس معاملے کو سنجیدگی اور باریک بینی سے حل کر کے عوام کا اعتماد حاصل کیا۔
اپر چترال ایک نوزائیدہ ضلع ہونے کے ناطے پولیس فورس کو مختلف مسائل کا سامنا تھا۔ ڈی پی او نے ان مسائل کو کسی حد تک کم کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔ تقریب کے دوران خطاب کرتے ہوئے محمد عتیق شاہ نے اپنی اپر چترال میں تعیناتی کو زندگی کی خوبصورت لمحات سے تعبیر کیا۔ انہوں نے علاقے کے عوام اور مثالی امن کی بھی تعریف کی، نیز اپر چترال پولیس فورس کو ایماندار اور بہترین قرار دے کر تمام اداروں کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ہمیشہ خوشگوار ماحول میں تعاون کیا۔ انہوں نے خصوصاً تجارتی یونین بونی کے تعاون کو قابل ستائش قرار دیتے ہوئے ان کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔



