چترال شہر سمیت مضافات اور بالائی چترال میں بارش اور پہاڑوں پر برفباری جاری ہے، کاغلشٹ فیسٹول کے آج کے میچز ملتوی،
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال شہرسمیت لوئیر اوراپرچترال میں گذشتہ چھتیس گھنٹوں سے وقفے وقفے سے تیز بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ بالائی کھوت اور مدک لشٹ میں برفباری کی اطلاعات ہیں۔ بارش اور زلزلے کے جھٹکوں کے نتیجے میں لینڈ سلائڈنگ سے کئی مکانات ، فصلوں اور باغات کو نقصان پہنچا ۔ اپر چترال کے بریپ ، دیزگ ،بانگ یارخون ، دیغڑی اور لوئر چترال کے مقامات گولدہ و کوڑ بروز میں سیلاب سے مجموعی طور پر آٹھ مکانات کو نقصان پہنچا ہے ۔ جبکہ بہت بڑے رقبے پر گندم کی کھڑی فصل سیلاب میں بہہ گئے یا سیلابی ملبہ جمع ہونے کی وجہ سے دب گئے ہیں ، زلزلے کی وجہ سے بمبوریت میں ایک مکان منہدم ہوا اور سوئیر کے مقام پر سکول کی دیواروں میں دراڑیں پڑ گئی ہیں ۔
بارشوں سے مختلف ندی نالوں میں طغیانی ہے ۔ جس کی وجہ سے نالوں اور دریائے چترال کے پانی کی سطح بلند ہو چکی ہے ۔ ندی نالوں اور دریائے چترال کے قریب آباد لوگوں کے لئے خطرات بڑھ گئے ہیں ۔ دوسری طرف بارشوں نے اپر چترال کے پر فضا سیاحتی مقام کاغلشٹ میں گذشتہ روز شروع شدہ کاغلشٹ سپورٹس فیسٹول کو انتہائی پھیکا کر دیا ہے ۔ سپورٹس گراؤنڈ پانی سے بھر گیا ہے ۔اس لئے اتوار کے روز کے کھیلوں کے تمام شیڈول موخر کر دیے گئے ہیں ۔ دریں اثنا مختلف مقامات میں سڑکیں سیلاب ،مٹی اور پتھر کے تودے گرنے سے جزوی طور پر بلاک ہو گئے ہیں ۔ جن کی صفائی کی جارہی ہے ۔ تاہم چترال پشاور روڈ پر ٹریفک جاری ہے، مختلف مقامات پر سڑکوں کی صفائی کاکام جاری ہے۔ دریں اثنا وقفے وقفے سے بارش چترال شہر سمیت مضافات میں جاری ہے۔




