میٹرک کے امتحان کے لیے تمام تیاریاں مکمل، نقل کی روک تھام کے ساتھ طلبہ کو پرسکون اور بااعتماد ماحول فراہم کیا جائے گا۔ چیئرمین پشاور بورڈ ریاض خان محسودکے زیرصدارت اجلاس
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) 10 اپریل سے شروع ہونے والے میٹرک کے امتحان کے لیے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئی ہے نقل کی روک تھام کے ساتھ ساتھ طلبہ کو پرسکون اور بااعتماد ماحول فراہم کیا جائے گا طلبہ کو کسی صورت ہراساں نہیں کیا جائے گا صوبائی حکومت کی ہدایات کے مطابق میٹرک امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام اور نقل مافیا کی حوصلہ شکنی کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جارہے ہیں نقل کی روک تھام کے لیے تمام پرائیویٹ امتحانی ہالوں کو قریبی سرکاری اسکولوں اور کالجوں میں منتقل کردیا گیا ہے نقل کی روک تھام اور سہولیات کی فراہمی کے لیے پہلی مرتبہ اسسٹنٹ کمشنرز کو ذمہ داریاں تفویض کردی گئی ہے
تمام اضلاع میں نقل کے لیے استعمال ہونے والے پاکٹ گائیڈ کی خرید و فرخت پر پابندی عائد کر دی گئی ہے اور اسسٹنٹ کمشنرز کے زریعے پاکٹ گائیڈ فروخت کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے تقریباً تمام امتحانی ہالوں میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب کردئے گئے ہیں کسی باوردی فرد کو امتحانی ہال میں داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے
ان خیالات کا اظہار کمشنر پشاور ڈویژن/ چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود نے بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری ایجوکیشن میں اتوار کے روز منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں پشاور تعلیمی بورڈ کے زیر انتظام اضلاع پشاور، چارسدہ، چترال، قبائلی ضلع مہمند اور ضلع خیبر کے ڈپٹی کمشنرز، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسرز، کنٹرولر امتحانات، سپروائزری اسٹاف اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی اجلاس میں میٹرک کے امتحان کے لیے تیاریوں کو حتمی شکل دے دی گئی اور میٹرک کے امتحان میں شفافیت برقرار رکھنے اور نقل کی روک تھام کے لیے تمام وسائل بروئے کار لانے کا فیصلہ کیا گیا اس حوالے سے کمشنر پشاور ڈویژن/ چیرمین پشاور تعلیمی بورڈ ریاض خان محسود نے یومیہ رپورٹ طلب کرلی ۔