چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم اور آئی جی پی کا دورہ اپر چترال
اپر چترال (نمائندہ چترال ٹائمز )چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری اپر چترال کے سیلاب زدہ علاقوں کے دورے پر چترال سوریچ پہنچے، اپر چترال سوریچ پہنچنے پر ممبر قومی اسمبلی عبدالطیف، ڈپٹی سپیکر صو بائی اسمبلی ثریا بی بی ، کمشنر ملاکنڈ ڈویژن، ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خلیل اور انتظامیہ کے دوسرے آفیسران نے چیف سیکریٹری خیبرپختونخوا اور IG خیبرپختونخوا اختر حیات خان کا استقبال کیا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کے دورہ اپر چترال کا مقصد سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں نقصانات اور ریلیف کے کاموں کا جائزہ لینا تھا، چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا نے متاثر ین سیلا ب میں امدادی چیک بھی تقسیم کئے،
اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی تک چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ اور سیلاب سے متاثرہ افراد کی بحالی کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ ضلعی انتظامیہ اپر چترال و لوئر چترال اور محکمہ ریلیف وآبادکاری کے ادارے دو دن کے اندر اندر تمام رابطہ سڑکوں کو بحال کریں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کی ہدایات پر اپر چترال میں سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا جائزہ لینے کیلئے ایک روزہ دورے کے موقع پر کیا۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر صوبائی اسمبلی ثریا بی بی،ممبر صوبائی اسمبلی فتح الملک علی ناصر، آئی جی پولیس خیبر پختونخوا اخترحیات خان مختلف محکموں کے سیکرٹریز بھی ان کے ہمراہ تھے۔ چیف سیکرٹری نے پہلے اپر چترال کا دورہ کیا۔ انہوں نے سیلاب سے متاثرہ اپر چترال کے علاقہ ریچ کا دورہ کیا۔ چیف سیکرٹری نے سیلاب سے ہونیوالے نقصانات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر ڈپٹی کمشنر اپر چترال حسیب الرحمن خان خلیل نے سیلاب کے تباہ کاریوں اور امدادی سرگرمیوں کے بارے میں بریفنگ دی۔ چیف سیکرٹری کو بتایاگیا کہ اپر چترال میں تمام رابطہ سڑکوں کو بحال کیاگیاہے۔ چیف سیکرٹری مقامی لوگوں سے بھی ملیں اور ان کی مشکلات دریافت کی۔ مقامی لوگوں نے امدادی سرگرمیوں پر صوبائی حکومت اور ضلعی انتظامیہ اپر چترال کی کارکردگی کی تعریف کی۔ اس موقع پر اپر چترال میں سیلاب سے جاں بحق 2 افراد کے ورثاء میں 20 لاکھ روپے کے امدادی چیکس تقسیم کئے جبکہ 30 مکمل تباہ مکانات کے مالکان کو بھی 60 لاکھ روپے کے امدادی چیکس دئیے گئے۔
چیف سیکریٹری نے انتظامیہ سے سیلا ب سے متاثرہ واٹرچینلزاور سڑکوں کو فوری کھولنے اور متاثرین کو ریلیف پہنچانے کی ہدایت کی۔اس موقع پر پریذیڈنٹ اسماعیلی کونسل اپرچترال امتیاز احمد ودیگر بھی موجود تھے جنھوں نے متاثرین میں چیک تقسیم کیئے۔

