9 مئی مقدمہ کا فیصلہ، اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے چترال سے پی ٹی آئی ایم این اے عبد الطیف اور وزیرزادہ سمیت 11 پی ٹی آئی کارکنان کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی،

اسلام آباد( نمائندہ چترال ٹائمز) اسلام آباد انسداد دہشت گردی عدالت نے پی ٹی آئی ایم این اے عبد الطیف سمیت 11 ملزمان کو جرم ثابت ہونے پر سزا سنا دی،،
انسداد دہشت گردی عدالت اسلام آباد نے 9 مئی احتجاج پر تھانہ رمنا میں درج مقدمے میں پی ٹی آئی ایم این اے عبدالطیف اور سابق معاون خصوصی وزیر زادہ سمیت دیگر ملزمان کو،15 سال قید کی سزا سنا دی۔
عدالت نے پولیس پر قاتلانہ حملہ کرنے کے جرم میں تمام ملزمان کو 5 سال قید، موٹرسائیکل جلانے کے جرم میں 4 سال، پولیس کو کام سے روکنے پر3 سال قید جبکہ ملزمان کو جتھہ بنا کر جرم کرنے پر ایک سال قید کی سزا سنائی گئی۔
دریں اثنا چترال سے پی ٹی آئی کے ایم این اے عبد الطیف نے کہا ہے کہ آج مجھ سمیت گیارہ پی ٹی آئی کارکنان کو دس دس سال کی قید سنائی گئی ہے ،اس جرم میں جسکا ہمارے فرشتوں کو بھی نہیں پتہ، مجھے خریدنے کیلئے 2 ارب کی آفر کی گئی تھی، جج صاحب سے کہتا ہوں ایک اللہ کی عدالت بھی ہے، پی ٹی آئی کے رکنِ قومی اسمبلی NA-1 چترال عبداللطیف چترالی کا 9 مئی کے مقدمے میں 10 سال قید کی سزا سنانے کے فیصلے پر ردعمل دیتے ہوئے اس کیس سے مکمل لاتعلقی کا اظہار کیا ۔
اسی طرح چترال سے سابق ایم پی اے اقلیتی امور اور وزیراعلیٰ کے معاون خصوصی وزیرزادہ نے انسداد دہشت گردی عدالت کے فیصلے کو انصاف کے منافی قرار دیتے ہوئے اس کیس سے لاتعلقی کا اظہار کیا ہے۔ اور کہاہےکہ خان نے ہمیں کبھی بھی تورپھوڑ کا درس نہیں دیا ، اور رمنا تھانے کیس سے ہمارا دور کا بھی واسطہ نہیں۔
