چترال: 88 سالہ بزرگ کی دوسری شادی، سوشل میڈیا پر بحث چھیڑ دی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) آیون آٹانی سے تعلق رکھنے والے تقریباً 88 سالہ بزرگ نورمحمد المعروف فوجی نے دوبارہ نکاح کرکے سنتِ رسول ﷺ کی پیروی کی ایک خوبصورت مثال قائم کر دی، جس پر مختلف حلقوں میں تحسین کی جا رہی ہے۔ بزرگ کی اس شادی کو یہ پیغام قرار دیا جا رہا ہے کہ عمر محض ایک عدد ہے اور نیک نیت ہو تو زندگی کے ہر مرحلے کو بابرکت بنایا جا سکتا ہے۔تاہم دوسری طرف سوشل میڈیا پر بحث چھڑ گئی ہے ، جس میں مختلف آرا سامنے آرہے ہیں، بعض کا خیال ہے کہ انھوں نے سنت نبوی (ص) کی پیروی کی جبکہ بعض کا خیال ہے کہ انھوں نے اخری عمر میں اپنے لئے پریشانی ڈھونڈ لی ہے۔
ذرائع کے مطابق نورمحمد کا آبائی تعلق گاؤں شونگوش اُویر سے ہے، تاہم وہ ہجرت کے بعد آٹانی آیون میں مقیم ہیں۔ یہ نکاح دوبارہ اُویر گاؤں میں ایک پچاس سال سے زائد عمر کی خاتون سے انجام پایا۔ نورمحمد سیکیورٹی فورسز سے ریٹائرڈ ہیں، پہلی شادی سے ان کے بچے ہیں جبکہ ایک بیٹا بھی فوج سے ریٹائر ہو چکا ہے۔ نورمحمد کی یہ دوسری شادی ہے۔
شہریوں کا کہنا ہے کہ ایسے وقت میں جب نوجوان نکاح سے گریزاں دکھائی دیتے ہیں، ایک بزرگ کا یہ اقدام معاشرے کے لیے مثبت اور حوصلہ افزا پیغام ہے۔

