پاکستان میں 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کے نتائج کا اعلان
اسلام آباد(نمائندہ چترال ٹائمز) چیئرمین پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے 5 جی اسپیکٹرم کے نیلامی کے نتائج کا اعلان کر دیا۔چیئرمین پی ٹی اے کے مطابق آج نیلامی کا پہلا اسٹیج تھا جو بینڈ ایلوکیشن کا تھا، 700 میں ہمارے پاس تین لاٹ تھے جن میں سے دو بک گئے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ 2300 میں پانچ لاٹ تھے سارے بک ہو گئے۔ 2600 میں 19 لاٹ تھے تمام بک گئے ہیں۔انہوں نے بتایا کہ 3500 میں 28 لاٹ تھے جن میں سے 22 لاٹ بک گئے، یعنی 220 میگا ہرٹز بک گئے۔ ایک کمپنی نے 190میگا ہرٹز، دوسری کمپنی نے 180 میگا ہرٹز خریدا جبکہ تیسری کمپنی نے 110 میگا ہرٹز اسپیکٹرم خریدا ہے۔چیئرمین پی ٹی اے کا کہنا تھا کہ اسپیکٹرم کی نیلامی کے فرسٹ اسٹیج پر 507 ملین ڈالر پر پرائس لاک ہوئی۔ فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی 144.5 ارب روپے میں مکمل ہوئی ہے۔انہوں نے بتایا کہ 597.2 میگا ہرٹز میں سے 480 میگا ہرٹز اسپیکٹرم نیلام ہوچکا ہے۔ اسپیکٹرم کی بولی سے 1.7 فیصد اسپیکٹرم کی دستیابی بڑھ گئی ہے۔
.
.
ملک میں 5 جی اسپیکٹرم کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج تھا: چیئرمین پی ٹی اے
۔
اسلام آباد(سی ایم لنکس)چیئرمین پی ٹی اے میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ ملک میں 5 جی اسپیکٹرم کی دستیابی سب سے بڑا چیلنج تھا۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں فائیو جی اسپیکٹرم کی نیلامی کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ 5 جی اسپیکٹرم کی نیلامی کو ممکن بنانے کے لیے تمام اداروں کا مشکور ہیں۔میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے کہا ہے کہ پی ٹی اے، فریکوینسی ایلوکیشن بورڈ نے اسپیکٹرم کی دستیابی ممکن بنائی ہے۔چیئرمین پی ٹی اے نے کہا ہے کہ فائیو جی ڈیجیٹل ہائی وے ہے، یہ پاکستان کا انجن ہے اور آج پاکستان کے لیے تاریخی دن ہے، ہم نئے دور کا آغاز کر رہے ہیں۔اپنے خطاب میں انہوں مزید کہا ہے کہ پاکستان ایشیاء کا پہلا ملک ہے جس نے رائیٹ آف وے چارجز ختم کر دیے ہیں اور اب یہ چارجز 36 ہزار روپے فی کلو میٹر سے زیرو کر دیے گئے۔میجر جنرل (ر) حفیظ الرحمٰن نے یہ بھی کہا ہے کہ انڈسٹری کی سہولت کے لیے جو ممکن ہو سکا حکومت نے کیا اور اب بال انڈسٹری کے کورٹ میں ہے، امید ہے انڈسٹری بھرپور شرکت کرے گی۔
