ڈپٹی کمشنر لوئر چترال کی کاوشوں سے 24 غازی مکمل علاج کے بعد چترال واپس پہنچ گئے
لوئر چترال( نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لوئر چترال راؤ ہاشم عظیم کی خصوصی دلچسپی اور مستقل نگرانی کے نتیجے میں ضلع لوئر چترال کے 24 نشے کے عادی افراد، جنہیں بحالی کے عمل کے بعد ’’غازی‘‘ کا نام دیا گیا ہے، مکمل علاج اور تربیتی مراحل سے گزرنے کے بعد آج بحفاظت چترال واپس پہنچ گئے۔
یہ تمام افراد چند ماہ قبل سوشل ویلفئیر ڈیپارٹمنٹ کی تعاون سے ضلعی انتظامیہ چترال لوئیر کی جانب سے پشاور کے مستند بحالی مرکز سیو لائف فاؤنڈیشن منتقل کیے گئے تھے، جہاں انہیں طبی علاج، نفسیاتی مشاورت، سماجی معاونت اور پیشہ ورانہ تربیت فراہم کی گئی۔ بحالی مرکز میں قیام کے دوران ماہرین نے ہر فرد کی ضروریات کے مطابق ان کا مکمل علاج اور کردار سازی کا عمل جاری رکھا، تاکہ وہ صحت مند، باوقار اور ذمہ دار زندگی کی طرف عملی طور پر واپس لوٹ سکیں۔
بحالی کے تمام مراحل کی کامیاب تکمیل کے بعد جب یہ غازی چترال پہنچے تو ضلعی انتظامیہ نے ان کی واپسی کو منشیات کے خلاف جاری جدوجہد میں ایک اہم سنگ میل قرار دیا۔ ڈپٹی کمشنر راؤ ہاشم عظیم نے اس موقع پر کہا کہ منشیات کے عادی افراد معاشرے کے وہ لوگ ہیں جنہیں نفرت یا تنہائی نہیں بلکہ رہنمائی، محبت اور مستقل تعاون کی ضرورت ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضلع بھر میں منشیات کے خاتمے، متاثرہ افراد کی بحالی اور آگاہی مہمات کو آئندہ بھی مزید مؤثر طریقے سے جاری رکھا جائے گا۔
عوامی حلقوں اور سماجی شخصیات نے ضلعی انتظامیہ کے اس اقدام کو نہایت مثبت اور وقت کی ضرورت قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کے اقدامات معاشرے میں امید اور بہتری کی نئی راہ ہموار کرتے ہیں۔

