خیبرپختونخوا میں صحت کے شعبے کی بہتری کے لیے 100 اور 180 روزہ اصلاحاتی منصوبے تیار، 250 بنیادی مراکز صحت 24 گھنٹے فعال، حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج 78 فیصد تک بڑھانے کا ہدف
.
پشاور(نمائندہ چترال ٹائمز ) گورنر ہاؤس پشاور میں خیبرپختونخوا کے شعبہ صحت کی مجموعی صورتحال، درپیش مسائل اور اصلاحاتی اقدامات کے حوالے سے خصوصی بریفنگ کا انعقاد کیا گیا، جس میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، صوبائی مشیران، اعلیٰ سول افسران اور میڈیا کے نمائندوں نے شرکت کی۔ مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر نے شرکاء کو صوبے میں صحت کی سہولیات کی موجودہ صورتحال اور مستقبل کے منصوبوں پر تفصیلی بریفنگ دی۔
بریفنگ میں سرکاری اسپتالوں اور طبی مراکز کو درپیش مسائل، طبی عملے کی کمی، ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، غذائیت اور صحت کے شعبے میں جاری و مجوزہ اصلاحات کا جائزہ لیا گیا۔
**صوبے کی آبادی اور صحت کے نظام کی صورتحال**
بریفنگ کے مطابق خیبرپختونخوا کی مجموعی آبادی تقریباً 3 کروڑ 18 لاکھ 90 ہزار ہے، جس میں 81 فیصد دیہی جبکہ 19 فیصد شہری علاقوں میں رہائش پذیر ہے۔ محکمہ صحت کے تحت مجموعی طور پر 30 ہزار 697 ہیلتھ کیئر ورکرز خدمات انجام دے رہے ہیں، جن میں 8 ہزار 24 ڈاکٹرز، 3 ہزار 970 نرسز، 8 ہزار 252 پیرامیڈیکس اور 10 ہزار 451 لیڈی ہیلتھ ورکرز شامل ہیں۔
صوبے کے سرکاری صحت کے نظام میں مجموعی طور پر 18 ہزار 432 بستر دستیاب ہیں، جبکہ عالمی ادارہ صحت کے معیار کے مطابق ہر 10 ہزار آبادی کے لیے 18 بستروں کی ضرورت ہوتی ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ آبادی کے تناسب سے طبی سہولیات، اسپتالوں میں بستروں اور انسانی وسائل میں مزید اضافے کی ضرورت ہے۔
صحت کے اشاریوں کے حوالے سے بتایا گیا کہ صوبے میں نوزائیدہ بچوں کی شرح اموات فی ہزار پیدائشوں میں 42، بچوں کی شرح اموات 53 اور ماؤں کی شرح اموات فی ایک لاکھ پیدائشوں میں 165 ہے۔ پانچ سال سے کم عمر بچوں کی شرح اموات فی ہزار میں 64 ہے، جبکہ بچوں میں غذائی قلت اور نشوونما کی کمی (Stunting) کی شرح 40 فیصد تک پہنچ چکی ہے۔ حفاظتی ٹیکہ جات کی موجودہ کوریج 68 فیصد ہے، جسے بڑھانے کی ضرورت پر زور دیا گیا۔
مزید بتایا گیا کہ ضم شدہ اور نامزد اضلاع میں 71 بنیادی مراکز صحت غیر فعال ہیں، جن کی بڑی وجوہات میں دشوار گزار راستے، طویل فاصلے اور سیکیورٹی کے مسائل شامل ہیں۔
بریفنگ میں صحت کے نظام کو درپیش دیگر مسائل میں طبی آلات، ادویات، بستروں اور انسانی وسائل کی کمی، عملے کی غیر حاضری، وسائل کا غیر مؤثر استعمال، ریکارڈ کی عدم دستیابی اور مختلف ڈیجیٹل نظاموں کے درمیان رابطے کا فقدان شامل ہیں۔ اس کے علاوہ میرٹ کی خلاف ورزی، اقربا پروری، غیر ضروری ہڑتالوں اور انتظامی بدانتظامی کو بھی صحت کی سہولیات کی فراہمی میں رکاوٹیں قرار دیا گیا۔
**100 روزہ اصلاحاتی منصوبہ**
بریفنگ میں صحت کے شعبے میں پہلے 100 روز کے دوران بنیادی مراکز صحت میں ڈاکٹروں کی دستیابی یقینی بنانے، خالی آسامیوں کو پُر کرنے، عملے کی ضروریات کے مطابق دوبارہ تعیناتی، ڈیجیٹل رجسٹریشن، اسمارٹ ڈیجیٹل حاضری اور مؤثر احتسابی نظام متعارف کرانے کے منصوبے سے آگاہ کیا گیا۔
ادویات کے معیار کی جانچ اور نگرانی کے لیے پانچ موبائل ڈرگ اسکریننگ لیبارٹریز قائم کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا، جبکہ حفاظتی ٹیکہ جات کی کوریج 68 فیصد سے بڑھا کر 78 فیصد کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ اس مقصد کے لیے بالخصوص نامزد اضلاع میں سیکیورٹی انتظامات بہتر بنانے، کمیونٹی سرویلنس، آؤٹ ریچ سروسز، ویکسینیٹرز کی تربیت اور کولڈ چین نظام کو مؤثر بنانے کے اقدامات کیے جائیں گے۔
**خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ تین مراحل میں فعال ہوگا**
بریفنگ میں خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ (KICH) کو تین مراحل میں فعال کرنے کے منصوبے کی تفصیلات بھی پیش کی گئیں۔ پہلے مرحلے میں آؤٹ ڈور اور بنیادی تشخیصی سہولیات فراہم کی جائیں گی، دوسرے مرحلے میں 300 بستروں پر مشتمل ان ڈور سہولیات، بشمول بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ (PICU) اور نوزائیدہ بچوں کے انتہائی نگہداشت یونٹ (NICU) کو فعال کیا جائے گا، جبکہ تیسرے مرحلے میں 18 خصوصی شعبے اور ٹرانسپلانٹ کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔
.
**180 روزہ منصوبہ، 250 بنیادی مراکز صحت 24 گھنٹے فعال کرنے کا ہدف**
180 روزہ اقدامات کے تحت لیڈی ہیلتھ ورکرز پروگرام کو مزید مضبوط بنانے، ماں اور بچے کی صحت، حفاظتی ٹیکہ جات، خاندانی منصوبہ بندی، غذائیت، ڈیجیٹل رپورٹنگ، عملے کی تربیت اور ضروری طبی آلات کی فراہمی پر توجہ دی جائے گی۔
منصوبے کے مطابق 250 بنیادی مراکز صحت کو 24 گھنٹے فعال کیا جائے گا، جن میں 200 بنیادی مراکز صحت (BHUs) اور 50 دیہی مراکز صحت (RHCs) شامل ہیں۔ ان مراکز میں موجودہ ہفتے کے چھ دن، آٹھ گھنٹے کی سروس کو تبدیل کرکے ہفتے کے سات دن، 24 گھنٹے طبی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ ان مراکز میں تربیت یافتہ عملے کے ذریعے زچگی، نوزائیدہ بچوں کی دیکھ بھال اور قبل از پیدائش و بعد از پیدائش طبی سہولیات مہیا کی جائیں گی۔
اسی طرح 115 صحت مراکز کی تزئین و آرائش، مرمت، جدید سہولیات، یکساں برانڈنگ، سائن بورڈز، روشنی اور فرنیچر کی فراہمی کے ذریعے مریض دوست ماحول بنایا جائے گا، جبکہ 124 صحت مراکز کو سولر سسٹم فراہم کیے جائیں گے تاکہ بجلی کی بلا تعطل فراہمی، ویکسین کی کولڈ چین اور زچگی کی سہولیات برقرار رکھی جا سکیں۔
**طبی آلات اور ڈیجیٹل نظام کے لیے اربوں روپے مختص**
بریفنگ کے مطابق صحت کے مراکز کو جدید تشخیصی، سرجیکل، آپریشن تھیٹر، لیبارٹری اور آئی ٹی سے متعلق طبی آلات فراہم کرنے کے لیے آباد اضلاع میں ایک ارب 6 کروڑ 50 لاکھ روپے جبکہ نامزد اضلاع میں 2 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں۔
صحت کے شعبے میں شفافیت اور ڈیجیٹلائزیشن کے لیے ہیلتھ انفارمیشن اینڈ سروس ڈیلیوری یونٹ (HISDU) کے تحت ڈیٹا ہب قائم کیا جائے گا، جس کے ذریعے انسانی وسائل کی نگرانی، بیماریوں کی سرویلنس اور شواہد کی بنیاد پر فیصلے کرنے میں مدد ملے گی۔ اس کے علاوہ 200 صحت مراکز میں EMR، DHIS، BAS، HRMIS، DCC اور CMS سمیت جدید ڈیجیٹل نظام متعارف کرائے جائیں گے۔
نرسنگ کے شعبے میں استعداد کار بڑھانے کے لیے بی ایس این اور ایم ایس این پروگرامز کے تحت انڈرگریجویٹ اور پوسٹ گریجویٹ سطح پر میرٹ اور ضرورت کی بنیاد پر اسکالرشپس فراہم کرنے کا منصوبہ بھی پیش کیا گیا۔
**بچوں، امراض قلب اور بریسٹ کینسر کے علاج کے لیے خصوصی منصوبے**
وزیراعظم کے خصوصی اقدامات کے تحت خیبر انسٹی ٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے لیے ایک ارب 46 کروڑ 20 لاکھ روپے کے طبی آلات فراہم کیے جائیں گے، جبکہ امراض قلب کے علاج کی سہولیات بہتر بنانے کے لیے کارڈیک کیئر یونٹ اور پی آئی سی کی توسیع کے منصوبے کے لیے 4 ارب 93 کروڑ 30 لاکھ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
اسی طرح بریسٹ کینسر کی بروقت تشخیص اور اسکریننگ کے لیے پشاور، مردان، ہزارہ، کوہاٹ اور بنوں میں اسکریننگ سینٹرز قائم کرنے کی غرض سے 85 کروڑ روپے مختص کیے گئے ہیں۔
بریفنگ کے اختتام پر سوال و جواب کی نشست بھی منعقد ہوئی، جس میں مشیر صحت لیفٹیننٹ جنرل (ر) نگار جوہر، اسسٹنٹ چیف سیکریٹری یحییٰ اخونزادہ اور سیکریٹری صحت مطیع اللہ خان نے میڈیا کے نمائندوں کے سوالات کے جوابات دیے اور صحت کے شعبے سے متعلق مختلف امور پر وضاحت فراہم کی۔