یونیورسٹی آف چترال کے فیکلٹیز کا ویسکانسن یونیورسٹی امریکہ میں منعقد ہونے والے ورکشاپ میں شرکت کے لئے مدعو
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) یونیورسٹی آف چترال کے فیکلٹی ممبران جن میں بشارت حسین ہیڈ آف پولیٹکل سائنس ڈیپارٹمنٹ، سامیہ منان لیکچرر اکنامکس، نائلہ حسین لیکچرر سوشیالوجی اور کوثر حسین لیکچرر ایجوکیشن امریکہ میں منعقد ہونے والے پندرہ روزہ تربیتی ورکشاپ میں شرکت کر رہے ہیں۔ یہ لیڈرشپ ورکشاپ وسکانسن یونیورسٹی امریکہ میں منعقد ہو رہا ہے اس ورکشاپ میں شرکت کے لیے سارے انتظامات امریکن انسٹیٹیوٹ آف پاکستان اسٹڈیز اور امریکن ایمبسی نے کیا ہے۔ اس ورکشاپ سے چترال یونیورسٹی کے فیکلٹی ممبران کے لیڈر شپ مہارتوں میں بہتری آئے گی۔ جو ان کے پیشہ ورانہ مہارت میں اضافے کا سبب بنے گا۔ اس قسم کے ورکشاپ اور سرگرمیوں میں شرکت سے عالمی سطح پر چترال یونیورسٹی متعارف ہوگی اور مختلف یونیورسٹیوں کے ساتھ رابطے بنانے اور علمی میدان عالمی سطح پر تجربات حاصل کرنے کا موقع ملے گا۔
اسی طرح یونیورسٹی کے طلباء و طالبات کے تعلیمی کیریرز کو مزید بہتر بنانے میں بھی مدد ملے گی۔ اس ورکشاپ کے لیے پورے پاکستان میں سے صرف پانچ یونیورسٹیوں کا انتخاب کیا گیا تھا جن میں یونیورسٹی آف چترال بھی شامل ہے۔ یاد رہے اس سے قبل یونیورسٹی آف چترال کے تین طالبات بھی امریکہ کے یونیورسٹی آف ڈیلاویئرمیں تربیتی ورکشاپ میں شرکت کرکے واپس آچکی ہیں۔ امریکن انسٹیٹوٹ آف پاکستان اسٹڈیز کا یہ پروگرام تین سال تک جاری رہے گا اور ہر سال چار سے پانچ طالبات اور اساتدہ کرام اس ورکشاپ میں شرکت کے لیے امریکہ کے مختلف یونیورسٹیز میں منعقد ہ ورکشاپ کا حصہ بنیں گے۔