گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران دو پنشن کی صورت میں ایک پنشن وصول کر سکیں گے۔ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی وضاحت
اسلام آباد(چترال ٹایمزرپورٹ)وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے وضاحت کی ہے کہ گریڈ 17 سے 22 تک کے افسران دو پنشن کی صورت میں ایک پنشن وصول کر سکیں گے۔ اتوار کو قومی اسمبلی میں وفاقی وزیر آبی وسائل سید خورشید شاہ اور دیگر ارکان کی طرف سے اٹھائے جانے والے نکات کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ گریڈ 17 سے 22 تک کے جو افسران دو پنشن وصول کر رہے تھے، اب وہ ایک پنشن وصول کر سکیں گے، ایک سے 16 گریڈ والے ملازمین پر اس کا اطلاق نہیں ہو گا۔وزیر خزانہ نے کہا کہ یہاں لوگ آرمی چیف، پھر چیف ایگزیکٹو اور پھر صدر پاکستان کی پنشن لیتے رہے ہیں جس کا غریب ملک متحمل نہیں ہو سکتا، اسی طرح پنشنر کی بیوہ کے انتقال پر پسماندگان کے لئے 10 سال کی مدت مقرر کی گئی ہے۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ پنشن اصلاحات ضروری ہے کیونکہ 800 ارب روپے سالانہ تک اس کا حجم بڑھ چکا ہے، کئی ممالک کے برعکس پاکستان میں پنشن کے حوالے سے صورتحال بہتر ہے۔غوث بخش مہر کی جانب سے ڈی اے پی پر سبسڈی کے خاتمے سے متعلق نکتہ اعتراض کا جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ نے کہا کہ ڈی اے پی پاکستان میں تیار ہوتا ہے، 1998-99 میں پاکستان میں اس کی فیکٹری لگائی گئی تھی۔ وزیر خزانہ نے کہا کہ امپورٹڈ ڈی اے پی پر سبسڈی ختم کر دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی کمپنی نے ڈی اے پی کی پیداوار میں اضافے کے لئے مزید 200 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کا اعلان بھی کیا ہے۔تاہم وزیر خزانہ نے کہا کہ اس معاملہ کا بجٹ کے بعد جائزہ لیا جائے گا، زراعت معیشت کی نمو کا انجن ہے، کسان پیکج کے تحت ڈی اے پی کی قیمت 14 ہزار روپے سے کم کر کے 10 ہزار روپے کر دی گئی ہے۔
چین نے احسن اقبال کو سی پیک کا ہیرو قرار دیدیا
اسلام آباد(سی ایم لنکس)چینی حکومت نے وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کے جنرل سیکریٹری احسن اقبال کو پاک چین اقتصادی راہداری (سی پیک) کا ہیرو قرار دے دیا۔ ماضی کی طرح اس بار بھی جس محنت لگن اور جانفشانی سے احسن اقبال نے سی پیک منصوبے کو عملی جامہ پہنانے میں خدمات انجام دیں ہیں انہیں سی پیک کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔اس حوالے سے پاکستان میں چینی سفیر نونگ رونگ نے وفاقی وزیر احسن اقبال کو “مسٹر سی پیک” کا خطاب دیا جبکہ چین کے نائب سفیر لیجین ڑاؤ نے احسن اقبال کو ان کی سی پیک میں خدمات کے پیش نظر سی پیک ہیرو قراد دیتے ہوئے کہا کہ احسن اقبال نے سی پیک کے خواب کو حقیقت میں تبدیل کرنے میں اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ احسن اقبال نے پاکستان کی 12 وزارتوں کو سی پیک جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے ذریعے یکجا کیا جو کہ سی پیک منصوبے نگرانی کا سب سے بڑا پلیٹ فارم بھی ہے۔واضح رہے کہ احسن اقبال نے اب تک جوائنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی کے 11 میں سے 8 اجلاسوں کی صدارت کی ہے۔چینی نائب سفیر کے مطابق احسن اقبال کے تجرے اور مہارت سے ناصرف پاکستان بلکہ چینی حکومت کو بھی فائدہ ہوا ہے۔احسن اقبال نے سی پیک منصوبے پر تیزی سے عملدرآمد کیلیے چین کے بھی متعدد دورے کیے ہیں تاکہ منصوبے پر عملدرآمد میں تیزی ہو سکے۔چینی حکام کے مطابق احسن اقبال کا سی پیک میں کردار چین اور پاکستان کے عوام ہمیشہ یاد رکھیں گے۔چینی حکام سابق وزیر اعظم میاں نواز شریف کے بھی شکر گزار ہیں جنہوں نے سی پیک کے لیے احسن اقبال جیسے محنتی اور دیانتدار شخصیت کو اس منصوبے کے لیے نامزد کیا۔