،گرم چشمہ روڈ پر گاڑی حادثے میں نوجوان اشتیاق احمد عرف اکاش جان بحق، آبائی قبرستان بھتولی میں سپرد خاک
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال کے گرم چشمہ روڈ پر واقع بوختولی گاؤں سے تعلق رکھنے والا نوجوان اشتیاق احمد عرف اکاش خان اتوار کی رات کے پچھلے پہر چترال شہر کے گاؤں بلچ سے اپنی ٹی زید گاڑی ڈرائیو کرتے ہوئے اپنے گھر آتے ہوئے کھانس غیر کے مقام پر گاڑی کے حادثے میں جان بحق ہوگئے۔ سٹی پولیس اسٹیشن کے ایک اہلکار کے مطابق انہیں اس حادثے کی اطلاع رات ایک بجکر 55منٹ کو مل گئی جس کے مطابق ان کی گاڑی دریا کنارے گرگئی ہے جس پر انہوں نے ریسکیو1122کے دفتر میں اس کی اطلاع دی۔ انہوں نے بتایاکہ ریسکیو اہلکاروں کے پہنچنے سے پہلے وہ زخموں کی تاب نہ لاکر چل بسے تھے۔ اکاش خان چترال کے معروف شخصیت مفتاح الدین عرف تحصیلدار کا بیٹا تھا جوکہ دو سال قبل یونیورسٹی آف چترال سے فارغ ہوگئے تھے۔ دو سال قبل انہوں نے شادی کی تھی اور ایک بیٹی کا باپ تھا۔انہیں اتوار کے روز ان کے آبائی گاؤں بوختولی میں سینکڑوں اشکبار آنکھوں کے سامنے سپرد خاک کیا گیا جبکہ چترال سے دروش اور بونی تک دور دور علاقوں سے ان کی تعزیت کے لئے آنے والوں کا تانتا باندھا رہا۔ گاڑی میں حادثے کے وقت کوئی دوسرا سوار نہیں تھا جبکہ حادثے کی اس مقام پر دو سال قبل چترا ل کے مقبول پولیس افیسر سلطان بیگ المعروف دبنگ بھی اسی نوعیت کی حادثے میں جان بحق ہوگئے تھے۔



