Chitral Times

Jul 4, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

کیا پی ٹی آئی چاہتی ہے 100فیصد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کریں؟ چیف جسٹس

شیئر کریں:

کیا پی ٹی آئی چاہتی ہے 100فیصد امیدواروں کے کاغذات نامزدگی منظور کریں؟ چیف جسٹس

اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ) لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ چاہتے ہیں ہم یہ کہہ دیں تحریک انصاف کے امیدواروں کے 100 فیصد کاغذات نامزدگی منظور کریں۔چیف جسٹس قاضی فائز عیسیٰ کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے تحریک انصاف کی لیول پلیئنگ فیلڈ کیس پر سماعت کی۔عدالت نے الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب کی رپورٹس پر پی ٹی آئی سے تحریری جواب طلب کرتے ہوئے سماعت آئندہ پیر تک ملتوی کر دی۔ عدالت نے ہدایت دی کہ الیکشن کمیشن اور چیف سیکریٹری پنجاب چاہیں تو جواب جمع کرا سکتے ہیں۔دوران سماعت، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں بتائیں رپورٹ میں غلط ہے؟ چیف سیکریٹری پنجاب کے تحریری جوابات میں اگر کوئی غلط بیانی کی گئی ہے تو ہمیں تحریری طور پر بتائیں، زبانی بات نہ کریں۔ جملے بازی نہ کریں، بتائیں آپ کے لیے کیا آرڈر جاری کریں، اگر ملک کے کسی ادارے پر اعتماد نہیں ہے تو بتائیں ہم حکم دے دیتے ہیں۔چیف جسٹس نے کہا کہ ہمیں اپنے دکھڑے نہ سنائیں، جس پر وکیل پی ٹی آئی لطیف کھوسہ نے کہا کہ ساری دنیا کو علم ہے ہمارے ساتھ کیا ہو رہا ہے۔

 

چیف جسٹس پاکستان نے کہا کہ ہم عدالتی کارروائی کو لائیو دکھا کر دنیا کو خود دکھا رہے ہیں۔وکیل پی ٹی آئی نے کہا کہ ہمیں لیول پلیئنگ فیلڈ چاہیے لیکن دفعہ 144نافذ کی گئی ہے جبکہ ان کے امیدواروں کے لیے ایسا نہیں ہے۔چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیے کہ ان کے امیدواروں سے آپ کی کیا مراد ہے، دفعہ 144صرف ایک جماعت کے لیے نہیں ہے بلکہ تمام سیاسی جماعتوں کے لیے ہے۔ کیا آپ یہ کہنا چاہتے ہیں ن لیگ، پیپلز پارٹی اور جے یو آئی ف کے خلاف سازش کر رہی ہیں۔وکیل پی ٹی آئی حامد خان نے کہا کہ انتخابی نشان کیس پرسوں سماعت کے لیے مقرر کریں، جس پر چیف جسٹس نے کہاکہ ٹھیک ہے ہم پرسوں سماعت کے لیے مقرر کر رہے ہیں، سب سے زیادہ درخواستیں پی ٹی آئی کی آ رہی ہیں اور سنی بھی جا رہی ہیں، کیس بھی لگوانا ہے اور اٹھ کر عدالت بھی نہیں آنا۔چیف جسٹس نے واضح کیا کہ انتخابات کروانا الیکشن کمیشن کا کام ہے ہمارا نہیں، کسی سے کاغذات چھینے جا رہے یا جو بھی ہو رہا وہ الیکشن کمیشن نے دیکھنا ہے، ہم نے واضح کیا تھا کہ انتخابات کی تاریخ صدر اور الیکشن کمیشن کا کام ہے، الیکشن کمیشن کے دائرہ اختیار سے متعلق معاملات عدالت کیوں سنے، ہمارے سامنے کچھ دائر ہوگا تو ہم اسے دیکھیں گے، کوئی درخواست آئے گی یا شکایت آئے گی تو ہم سنیں گے۔

 

پی ٹی آئی کا بلے کے نشان کا کیس 10 جنوری کو سماعت کیلئے مقرر

اسلام آباد(سی ایم لنکس)سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے بلے کے نشان کے کیس کو 10 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی کے وکلاء بیرسٹر گوہر اور حامد خان نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے ملاقات کی ہے۔ذرائع نے بتایا ہے کہ پی ٹی آئی کے وکلاء نے رجسٹرار سپریم کورٹ سے بلے کے نشان کی درخواست آج ہی سماعت کے لیے مقرر کرنے کی استدعا کی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی کے وکلاء بیرسٹر گوہر اور حامد خان کا مو قف ہے کہ یہ اہم نوعیت کا مقدمہ ہے، جس پر فوری سماعت کی جائے۔سپریم کورٹ آف پاکستان میں لیول پلیئنگ فیلڈ کیس میں پی ٹی آئی کی توہینِ عدالت کی درخواست پر سماعت کے دوران چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے بلے کے نشان کیس میں وکیل حامد خان کو بلا لیا۔پی ٹی آئی کے وکیل شعیب شاہین نے عدالت سے درخواست کی کہ استدعا ہے کہ آج ہی کیس سماعت کے لیے مقرر کر کے سنا جائے، کل پشاور ہائی کورٹ میں بلے کے نشان سے متعلق سماعت ہے، آج کسی بھی وقت کیس کی سماعت کر لیں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسارکیا کہ حامد خان کہاں ہیں؟ انہیں بلائیں، اگر آپ اٹھ کر کمرہء عدالت آنے کی زحمت نہیں کریں گے تو ہم کیا کریں؟ سب سے زیادہ درخواستیں پی ٹی آئی کی آ رہی ہیں اور سنی بھی جا رہی ہیں، کیس بھی لگوانا ہے اور اٹھ کر عدالت بھی نہیں آنا ہے۔

 

اس موقع پر پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان کمرہء عدالت میں پہنچ گئے اور روسٹرم پر آ گئے۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے حامد خان سے سوال کیا کہ کیا آپ کی درخواست کل مقرر کر دیں؟پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے استدعا کی کہ آج ہی سماعت کے لیے مقرر کر دیں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ آج 9 ممبر کا بینچ بھی ہے اور ایک خصوصی بینچ بھی ہے۔پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے استدعا کی کہ ہماری ترجیح آج ہے، نہیں تو پھر کیس پرسوں لا دیں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے استفسار کیا کہ آپ فیصلے کے خلاف آئے یا 184/3 کی درخواست ہے؟پی ٹی آئی کے وکیل حامد خان نے جواب دیا کہ پشاور ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف 185/3 میں سپریم کورٹ آئے ہیں۔چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے کہا کہ بس پھر معاملہ ججز کمیٹی کے پاس نہیں جانا تو پرسوں کیس مقرر ہو گیا۔سپریم کورٹ آف پاکستان نے پی ٹی آئی کے بلے کے نشان کے کیس کو 10 جنوری کو سماعت کے لیے مقرر کر دیا۔واضح رہے کہ پی ٹی آئی نے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کیا ہے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
83946