کابینہ اجلاس میں 8نکاتی ایجنڈے کی منظوری، حج پالیسی پھر مؤخر
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی کابینہ نے 8 ایجنڈا نکات کی منظوری دے دی جبکہ حج پالیسی 2025 کی منظوری ایک بار پھر مؤخر کر دی گئی۔وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اجلاس وزیراعظم ہاؤس میں ہوا۔ وفاقی وزیر مذہبی امور چوہدری سالک کی عدم شرکت کے باعث حج پالیسی پیش نہ ہو سکی۔وفاقی کابینہ نے وزارت انسانی حقوق کی سفارش پر گھریلو تشدد کی روک تھام کے بل ڈومیسٹک وائلینس (پریوینشن اینڈ پروٹیکشن) بل 2024 کو کابینہ کمیٹی برائے لیجسلیٹو کیسز میں بھیجنے کی منظوری دے دی۔ اس بل کا اطلاق اسلام آباد کیپیٹل ٹیریٹری پر ہوگا۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ یہ بل گھریلو تشدد کی روک تھام کے لیے انسٹی ٹیوشنل فریم ورک فراہم کرے گا۔ کابینہ کو مزید بتایا گیا کہ گھریلو تشدد کی روک تھام پر قانون سازی کے ذریعے نہ صرف گھریلو تشدد کی روک تھام میں مدد ملے گی بلکہ گھریلو تشدد کا شکار ہونے والوں کو ریلیف بھی فراہم کیا جا سکے گا اور گھریلو تشدد کا مرتکب ہونے والوں کو قرار واقعی سزا دلانے میں بھی مدد ملے گی۔
وفاقی کابینہ نے وزارت وفاقی تعلیم و فنی تربیت کی سفارش پر نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے بورڈ آف مینجمنٹ میں لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ معظم اعجاز، انجینئر فہیم اقبال اور عاصم شہریار حسین کی بطور پرائیویٹ ممبران تعیناتی کی منظوری دے دی۔وفاقی کابینہ نے وزارت قانون و انصاف کی سفارش پر کلیمز فارمینٹی نینس (ریکوری ایبراڈ) آرڈیننس 1959 کے تحت وفاقی وزارت قانون و انصاف کو درخواستیں وصول کرنے کے حوالے سے ٹرانسمٹنگ اینڈ ریسیونگ ایجنسی مقرر کرنے کی منظوری دے دی۔کابینہ کو آگاہ کیا گیا کہ حکومت پاکستان نے 1959 میں کنونشن آن دی ریکوری ایبراڈ 1956 میں شمولیت اختیار کی اور اس حوالے سے کلیمز فار مینٹی نینس (ریکوری ایبراڈ) آرڈی نینس 1959 میں جاری کیا گیا تھا۔وزارت قومی صحت کی سفارش پر نیشنل کونسل فار طب کی ایگزامننگ باڈی کی چیئرپرسن اور ممبران کی تقرری کی منظوری بھی دے دی گئی۔
ڈاکٹر شافیہ ارشد کو چیئرپرسن مقرر کیا گیا ہے جب کہ باڈی کے ممبران میں ڈاکٹر رضوان آصف، محمد خورشید عالم، اکرام اللہ، معین الدین اور ڈاکٹر عطاء اللہ شامل ہیں۔وفاقی کابینہ نے وزارت قومی صحت کی سفارش پر فارمیسی کونسل آف پاکستان کی تنظیم نو کی منظوری دے دی۔وزیراعظم نے ملک میں پولیو کے بڑھتے کیسز پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے پولیو کیسز پر رپورٹ طلب کر لی۔ انہوں نے انسداد پولیو کے حوالے سے ہنگامی بنیادوں پر جامع حکمت عملی ترتیب دینے کی ہدایت دیتے ہوئے انسداد پولیو پر اجلاس بھی طلب کر لیا۔
نئے چیف جسٹس کی تعیناتی؛ رجسٹرار سپریم کورٹ نے پارلیمانی کمیٹی کو تین نام بھیج دیے
اسلام آباد(سی ایم لنکس)نئے چیف جسٹس آف پاکستان کی تعیناتی کے لیے رجسٹرار سپریم کورٹ نے تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھیج دیے۔ذرائع کے مطابق تین سینئر ججز کے نام پارلیمانی کمیٹی کو بجھوائے گئے ہیں، جن میں موسٹ سینئر جسٹس منصور ہیں اور ان کے بعد جسٹس منیب اور جسٹس یحییٰ آفریدی ہیں۔سپریم کورٹ کی جانب سے ایک صفحے پر مشتمل مختصر رپورٹ بجھوائی گئی جس میں ججز کا مختصر پروفائل، تاریخ پیدائش، تعلیم، وکالت کی تفصیلات، کب جج بنے؟ کب ہائی کورٹس کے چیف جسٹس بنے، سپریم کورٹ میں تعیناتی کی تاریخ بھی شامل ہے۔پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس آج (منگل) شام 4 بجے طلب کیا گیا ہے۔خصوصی پارلیمانی کمیٹی کیلییسینیٹ سے چار نامزد ممبران جمعیت علمائے اسلام (ف) کے کامران مرتضیٰ، پیپلز پارٹی کے فاروق ایچ نائیک، مسلم لیگ ن کے اعظم نذیر تارڑ جبکہ پی ٹی آئی کے بیرسٹر علی ظفر شامل ہیں۔اسی طرح خصوصی پارلیمانی کمیٹی کے لیے قومی اسمبلی کے 8اراکین میں مسلم لیگ ن کے خواجہ آصف، احسن اقبال اور شائستہ پرویز شامل ہیں۔پیپلز پارٹی کے راجہ پرویز اشرف اور نوید قمر جبکہ تحریک انصاف کی جانب سے بیرسٹر گوہر اور صاحبزادہ حامد رضا اور متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کی رعنا انصار بھی خصوصی پارلیمانی پارٹی کا حصہ ہیں۔