ڈی پی او چترال لوئراکرام اللہ تبدیل، نو تعینات ڈی۔پی۔او لوئر چترال قمرحیات نے چارج سنبھال لیا
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) نو تعینات ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر لوئر چترال قمر حیات (PSP) نے لوئر چترال پولیس کی کمان سنبھال لی۔ لوئر چترال پولیس لائن پہنچنے پر ایس۔پی انوسٹی گیشن محمد ستار خان اور دیگر افسران نے ڈی۔پی۔او کا پرتپاک استقبال کیا۔ لوئر چترال پولیس کے چاک و چوبند دستے نے ڈی۔پی۔او کو سلامی پیش کی۔ ڈی۔پی۔او نے یادگار شہداء پر حاضری دی،پھول چڑھائے اور شہداء کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
ڈی۔پی۔او لوئر چترال قمر حیات (PSP) نے تمام شعبہ جات کا معائنہ کیا اور ہر ایک شعبے کی کارکردگی کا تفصیلی جائزہ لیا اور اس میں مزید بہتری لانے کی خصوصی ہدایات دیں۔ اس موقع پر ڈی پی او نے کہا کہ لوئر چترال میں پبلک سروس ڈیلیوری اور جرائم کو کنٹرول کرنے کے لئے انسپکٹر جنرل اف پولیس خیبرپختونخواہ کی پالیسی پر عملدرآمد کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔پبلک سروس ڈیلیوری اور جرائم کا سدباب میری اولین ترجیح ہوگی ۔
انھوں نے کہا کہ ہمارا بنیادی کام ظالم کا ہاتھ روک کر مظلوم کا مدد گار بننا ہے امن و امان کی فضاء کو برقرار رکھنا اور جرائم کے خاتمے کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے ۔تھانہ کلچر میں بہتری عوام اور پولیس کے درمیان فاصلے کم کرنا اور پولیس کے رویے میں تبدیلی لانے کے لئے اقدامات کئے جائیں گے۔
دریں اثنا تبدیل ہونے والے ڈی پی او چترال لوئراکرام اللہ خان کے اعزازمیں الوداعی پارٹی کا اہتمام کیا گیا جس میں پولیس افسران نے شرکت کی ،انھیں تحائف پیش کی۔



