ڈپٹی کمشنر لویر چترال نے دفعہ 144کے تحت کالاش تہوار اوچھال کے موقع پر کالاش ویلی میں سیاحوں کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے بعض سرگرمیوں پر پابندی لگادی
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ڈپٹی کمشنر لویر چترال محسن اقبال نے ضابطہ فوجداری کے دفعہ 144کے تحت کالاش تہوار اوچھال کے موقع پر 20سے 22اگست تک تینوں کالاش وادیوں بمبوریت، بریر اور رمبور میں سیاحوں کے لئے ضابطہ اخلاق جاری کرتے ہوئے بعض سرگرمیوں پر پابندی لگادی ہے جوکہ ان پرسکون وادیوں میں قدیم سے بقائے باہمی کی زرین اصول کے تحت زندگی گزار نے والے مسلمان اور کالاش کمیونٹی کے لئے پریشانی اور ان وادیوں میں بڑی مقدار میں کوڑا کرکٹ جمع ہونے اور قدرتی ماحول میں خلل کا سبب ہوں۔
ان پابندیوں میں بغیر شناختی کارڈ، پاسپورٹ یا ڈرائیونگ لائسنس کے موٹر سائیکل سوار وں کا داخلہ، کھلی جیپ گاڑیوں میں بیٹھ کر آنے اور اپنی مرضی سے کھلی فضا میں رات گزار نا اور کھانا پکانا شامل ہیں۔ اسی طرح کالاش خواتین کی مرضی کے خلاف وی لاگ اور دوسرے سوشل میڈیا کے لئے ان کی تصاویر لینے اور ویڈیوبنانے پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔تہوار کے دنوں میں وادی کے اندر آنے والے سیاحوں کا شورشرابا کرنے اور ہتھیار وں کی نمائش پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔
