Chitral Times

Jul 2, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

چترال کے لئے گندم پر خصوصی سبسیڈی کے لئے جاری احتجاج میں تیزی، دروش میں منعقدہ جلسے میں 5جولائی کولواری ٹنل ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کرنے کا فیصلہ

شیئر کریں:

چترال کے لئے گندم پر خصوصی سبسیڈی کے لئے جاری احتجاج میں تیزی، دروش میں منعقدہ جلسے میں 5جولائی کولواری ٹنل ہرقسم کی ٹریفک کے لئے بند کرنے کا فیصلہ

دروش (نمائندہ چترال ٹائمز) گلگت بلتستان کی طرز پر چترال میں بھی گندم پر خصوصی سبسڈی کے لئے شروع کردہ عوامی تحریک نے حکومت کی طرف سے مطالبہ نہ ماننے کی صورت میں 5جولائی کو چترال کو ملک کے دیگر حصوں سے ملانے والا لواری ٹنل کے سامنے دیوار کھڑا کرکے ہر قسم کی آمدورفت کو بند کرنے کا اعلان کردیا۔ اتوار کے روز دروش کے مقام پر جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے کنوینراور سابق ضلع ناظم مغفرت شاہ، عوامی جرگہ دروش کے سربراہ ارشاد مکرر، حاجی محمد شفاء، جے یو آئی کے رہنما قاری فضل حق اور صلاح الدین طوفان، پی پی پی کے قاری نظام الدین، اے این پی کے صوبائی نائب صدر خدیجہ بی بی اور دوسروں نے کہاکہ حکومت کا چترال کے غریب عوام کے جائز مطالبہ پر کان نہ دھرنا ناقابل برداشت ہے اور ان کے پاس حکومت کی توجہ حاصل کرنے کے لئے شدید احتجاج پر اترآنے کے سوا اور کوئی چارہ کار نہیں ہے۔

 

مقررین نے کہا کہ چترال انتہائی پسماندہ اور دورافتادہ علاقہ ہے، یہاں کے عوام کو مختلف مسائل کا سامنا ہے، چترال میں غربت بہت زیادہ اور وسائل نہایت کم ہیں مگر بدقسمتی سے ہمیشہ چترال کو نظر انداز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چترال کے لوگ پر امن، محب وطن اور اپنے ملک کے لئے ہر قسم قربانی دینے والے لوگ ہیں۔ انہوں نے کہاکہ عوامی تحریک چترال کی کال پر چترال، بونی اور دروش کے مقامات پر گزشتہ ایک ماہ سے غربت زدہ عوام احتجاجی دھرنے پر بیٹھے ہوئے ہیں جنہیں ارندوسے لے کر بروغل تک عوام کی مکمل سپورٹ حاصل ہے۔ انہوں نے کہاکہ چترال کے عوام اپنی جائز حق کو حاصل کرنے کے لئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے اورشندور فیسٹول کو منعقد ہونے نہیں دیں گے جب تک وزیر اعظم گلگت بلتستان کی طرح چترال میں بھی 2000روپے میں 100کلوگرام گندم کی فراہمی کا اعلان نہ کرے۔ اس سے قبل جشن شندور کو روکنے کے لئے شندور پولو گراونڈ کی طرف جانے والی سڑک کو بونی، مستوج اور لاسپور کے مقامات پر 6جولائی سے بلاک کرنے کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

https://www.facebook.com/chitraltimes/videos/924922065269800?locale=be_BY

chitraltimes drosh protest for wheat subsidy 2 chitraltimes drosh protest for wheat subsidy


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, چترال خبریںTagged
76179