چترال میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری طور پر قابوپانے کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال میں آتشزدگی کے واقعات پر فوری طور پر قابوپانے کے حوالے سے آگاہی سیشن کا انعقاد بدھ کے روز منعقد ہوا جس میں فائر سیلنڈر سمیت آگ بجھانے کی دوسرے آلات کے بارے میں بریفنگ دی گئی جس میں ان کے موثر استعمال اور ہنگامی بنیادوں پر رسپانس پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی۔ بائی پاس روڈ پر واقع چترال سیفٹی سلوشن کے دفتر میں منعقدہ اس سیشن میں محکمہ سول ڈیفنس، آغا خان فاونڈیشن کے مختلف اداروں،سرحد رورل سپورٹ پروگرام اور کئی دوسرے کاروباری اداروں کے نمائندے شریک ہوئے۔ اس موقع پر سول ڈیفنس افیسر اسماعیل جان نے چترال انسانی آبادکاری میں اضافے کے ساتھ آگ کے خلاف حفاظتی تدابیر کرنے اور فائر فائٹنگ کے تمام ایس او پیز پر سوفیصد عملدرامد کرنے پر زور دیا تاکہ خدانخواستہ کسی عمارت میں آتشزدگی کی صورت میں آگ کے شعلے بے قابوہونے سے پہلے انہیں ٹھنڈا کرکے وسیع پیمانے پر تباہ کاریوں سے بچایا جاسکے۔
انہوں نے کہاکہ تمام سرکاری اور غیر سرکاری دفاتر اور تجارتی مراکز میں فائر سیلنڈر اور دوسرے متعلقہ لوازمات کا موجود ہونا اور ان میں تعینات عملے کو آگ بجھانے کی بنیادی تربیت کی فراہمی حکومتی قوانین کے تحت لازمی ہے۔ اسماعیل جان نے اس بات پر اطمینان کا اظہار کیاکہ اب فائر سیلنڈر کی دوبارہ بھرائی سمیت دوسرے سازوسامان کے لئے پشاور اور دوسرے شہروں میں جانے کی ضرورت نہیں پڑتی جوکہ چترال سیفٹی سلوشن میں دستیاب کی جارہی ہیں۔ اس موقع پر آغا خان فاونڈیشن کی طرف سے ولی مراد، سرحد رورل سپورٹ پروگرام کے شیر حکیم اور دوسروں نے فائر فائٹنگ کے تیاری کی اہمیت پر روشنی ڈالی جوکہ آبادی میں اضافے کے ساتھ مزید بڑھ گئی ہے۔ چترال سیفٹی سلوشن کے چیف ایگزیکٹو فضل الرحمن نے کہاکہ ان کا ادارہ فائر فائٹنگ کے بارے میں مختلف اداروں کو وقتاً فوقتاً جدید خطوط پر تربیت کی فراہمی کا انتظام کرتا رہے گا۔ انہوں نے سول ڈنفنس افیسر اسماعیل جان کی انتھک کاوشوں کی تعریف کی۔

