چترال لوئیرمیں گزشتہ سال کے دوران 3.763کلوگرام آئس، 1.439کلوگرام ہیروئن، 7کلوگرام آفیون، 888لیٹر شراب، 131کلوگرام چرس پکڑے گئے،لوئیرچترال پولیس کی طرف سے رپورٹ جاری
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز) چترال لوئیر پولیس نے 2023کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی، ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر چترال لوئیر قمر حیات خان(پی ایس پی) کے دفتر سے جاری رپورٹ میں گزشتہ سال 2023کے دوران پکڑے گئے منشیات اور اسلحہ کی تفصیل جاری کردی گئی ہے۔ جوکہ تشویشناک ہے، پکڑے گئے بھاری مقدارکے منشیات میں پہلی مرتبہ آئس اور ہیرون کی بھی کافی مقدار میں شامل ہے۔پریس ریلیز کے مطابق گزشتہ سال کے دوان 3.763کلوگرام آئس، 1.439کلوگرام ہیروئن، 7کلوگرام آفیون، 888لیٹر شراب، 131کلوگرام چرس شامل ہیں، اسی طرح پکڑے گئے اسلحہ میں 2عدد ایس ایم جی، پانچ رائیفل، 21پستول، 19شاٹ گن، 1325راونڈ شامل ہیں، دریں اثنا چالیس مختلف مقدمات میں مطلوب مفرور ملزمان اشتہاری بھی گرفتار ہوئے، اور کل 1876ایف آئی آر درج ہوئے۔ زرائع کے مطابق یہ تعداد پچھلے کئی سالوں سے زیادہ ہے۔اس موقع پر ڈی پی او چترال لوئیر قمرحیات نے کہا ہے کہ انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا اخترحیا ت گنڈاپور اور ریجنل پولیس آفیسر ملاکنڈ محمد علی خان کے وژن کے مطابق جرائم سے پاک معاشرے کی تشکیل کے لئے چترال لوئیر پولیس متحرک ہے، اورچترال کو منشیات وجرائم سے پاک کرنے کیلئے دن رات مصروف عمل ہے۔ انھوں نے مذید کہا کہ چترال میں منشیات کی لین دین کا قلع قمع کرنے اور یہاں کے نوجوان نسل کو اس لعنت سے بچانا ہم سب کی اولین ذمہ داری ہے۔ لہذا ہر ایک شہری کو اس میں اپنے حصے کا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ڈی پی او نے عام پبلک سے اپیل کی ہے کہ چترال سے منشیات کی لعنت کو ختم کرنے کیلئے ہر ایک شہری چترال پولیس سے تعاون کریں تاکہ چترال میں منشیات سے پاک معاشرہ تشکیل دیا جاسکے۔

