چترال شہر اور خصوصا بازار میں بلاجواز لوڈشیڈنگ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ صدر تجار یونین بشیراحمد
چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) چترال بازار میں حالیہ ناروا لوڈشیڈنگ کے خاتمے کے سلسلے میں تجاریونین چترال کے صدر بشیر احمد کی قیادت میں ایک وفد نے ایس ڈی او پیسکو (واپڈا) سے ملاقات کی ۔ اور تجار برادری کے مسائل سے انھیں اگاہ کیا۔ تجار برادری کے صدر بشیر احمد نے ایس ڈی او کو واضح کیا کہ چترال بازار میں نہ بجلی کی چوری ہے اور نہ کنڈا سسٹم اور ساتھ بلوں کی آدائیگی بروقت کی جارہی ہے اس کے باوجود ناروا لوڈشیڈنگ کا ایک نیا سلسلہ شروع کیا گیا ہے جس کی وجہ سے تجاربرادری کا کام ٹھپ ہوکر رہ گیا ہے ، انھوں نے بتایا کہ اگر کسی کے اوپر بقایاجات ہیں تو انکی نشاندہی کی جائے تجار برادری انکی ریکوری کے لئے پیسکو حکام کی مدد کریگی، مگر اچانک نومبر کے مہینے چترال شہر میں ناروا لوڈشیڈنگ کا سلسلسہ شروع کرکے صارفین کو انتہائی مشکلات کا شکار کیا گیا ہے۔ انھوں نے ایس ڈی او پیسکو کو خبردار کیا کہ ناروا اور بلاجواز لوڈشیڈنگ کا سلسلہ فوری بند نہ کیاگیا توتجاری برادری راست اقدام لینے پر مجبور ہوگی جس کی تمام تر زمہ داری پیسکو انتظامیہ پر ہوگی۔
ایس ڈی او پیسکو نے وفد کو یقین دلایا کہ وہ اپنے حکام بالا سے بات کرکے چترال بازار کی لوڈشیڈنگ کو ختم کرنے میں کردار ادا کریگا۔ بعد ازاں انھوں نے ایکسین پیسکو تمرگرہ کو ایک مراسلے کے زریعے تمام حالات سے اگاہ کرتے استدعا کیا کہ ایکسپریس فیڈر خصوصا چترال بازار میں لوڈشیڈنگ کے خاتمے میں کمی کی جائے۔دریں اثنا صدر تجار یونین بشیر احمد نے چترال ٹائمز ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ جلد ان کی درخواست پر عمل درآمد کیاجائیگا۔ انھوں نے کہا کہ پیسکو حکام بقایاجات کا بہانہ بناکر لوڈشیڈنگ کا نیا سلسلہ شروع کیا ہے اگر بقایا جات کے لئے بجلی بند کرنا ہے تو جس صارف کے ذمے بقایاجات ہیں ان کابجلی کنکشن کاٹ دیا جائے نہ کہ پورے علاقے میں بجلی بند کی جائیے ۔ اگریہ سلسلہ بند نہ کیا گیا تو تجاربرادری اگلے لائحہ عمل طے کریگی۔

