چترال شندور روڈ کی تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لئے مرکزی سیکریٹری مواصلات اگلے ہفتے چترال کا دورہ کرینگے، میر جمشید الدین
اپر چترال ( نمائندہ چترال ٹائمز ) تحصیل چیرمین موڑکھؤ تورکھو میر جمشید الدین نے چترال بونی مستوج شندور روڈ میں کام کی سست روی اور فنڈز کی اجرا کے سلسلے آج مرکزی سکرٹری مواصلات علی شیر محسود سے ان کے دفتر اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکریٹری کمیونیکشن بشارت احمد بھی موجود تھے۔ ملاقات میں چترال بونی مستوج شندور روڈ کے بارے تفصیلی گفتگو ہوئی۔ چیرمین نے روڈ پر کام کی رفتار میں تیزی لانے اور فنڈز کے اجرا کے بارے سکرٹری مواصلات سے خصوصی درخواست کی۔جس پر سکریٹری مواصلات نے کام کی رفتار میں تیزی لانے اور مطلوبہ فنڈز کی فراہم کرنے کی یقین دہانی کی۔
چیرمین میر جمشید الدین نے ٹیلی فون پر چترال ٹائمز ڈاٹ کام سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ سکرٹری مواصلات ان کی خصوصی درخواست پراگلے ہفتے انشاء الله چترال کا دورہ کرینگے ۔ جہاں چترال بونی شندور مستوج روڈ پر کام کی رفتار اور معیار کا بذاتِ خود جائزہ لینگے اور ساتھ دوسرے جاری منصوبوں کا بھی دورہ کرینگے۔
اس موقع پر سکرٹری مواصلات ٹیلی فون پر جی۔ ایم این ایچ اے سے رابطہ کرکے کام میں تیزی لانے کی ہدایت بھی کی ساتھ لاواری ٹنل چترال سائٹ اپروچ روڈ کے بارے بھی گفتگو ہوئی سکرٹری نے کہا کہ چترال آتے ہوئے ٹنل اپروچ روڈ کا بھی جائزہ لیا جائیگااور اس کے لئے لائحہ عمل طے کرینگے۔ چیرمین تحصیل کونسل موڑکھؤ تورکھو سکرٹری مواصلات کا چترال کے مسائل پر دلچسپی لینے پر شکریہ ادا کیا اور امید ظاہر کی کہ سکرٹری مواصلات کی مجوزہ دورہ چترال کے مثبت نتائج برآمد ہونگے۔