چترال؛ انجمن ترقی کھوار حلقہ آیون کے زیراہتمام طرحی محفل مشاعرہ
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) انجمن ترقی کھوار حلقہ آیون کے زیر انتظام ایک طرحی محفل مشاعرہ ” غزا انگار چھوکیکو کیچہ مسلمان پوریتائے ” کے طرح پر گورنمٹ ہائی سکول آیون کے ہال میں منعقد ہوا ۔ اس محفل مشاعرے کے مہمان خصوصی ممتاز محقق و ادیب پروفیسر نقیب اللہ رازی تھے ، جبکہ صدر محفل کے فرائض مرکزی صدر انجمن ترقی کھوار چترال شہزادہ تنویر الملک نے انجام دی ۔
نظامت خالد ظفر ظفر نے کی ۔ مشاعرے میں چترال کے معروف شعرائے کرام محمد عرفان عرفان ، مولانا نقیب اللہ رازی ، افضل اللہ افضل ، اقبال الدین سحر، نور اللہ ساگر ،سعیدالرحمن سعیدی ، ثناء اللہ ثانی ، صالح نظام صالح ، حافظ خوشولی خان ولی ، ظفر الدین سرور ، صفی اللہ آصفی ، خالد ظفر ظفر ، مطیع الرحمن قمر ، محمد اصغر شیدائی ،رحمت آیاز فراق، نثار احمد نثار ، میر فیاض تریچ ، ، ندیم سحر تریچ ،محمد ذکریا عمر ذاکر ، منظور الٰہی سنگال مستوج ، مظفر الدین مظفر نے غزا پر اسرائیلی جارحیت ، مظلوم فلسطینیوں کی شہادت اور یہودی لابی کی بربریت پر امت مسلمہ کی خاموشی کو اپنے کلام کا موضوع بنایا ، اور مسلم امہ کی بے حسی اور خاموشی پر حکمرانوں کو خبردار کیا ۔ کہ اس عظیم جرم سے وہ نہیں بچ سکیں گے ۔
شعرا نے پاک بھارت جنگ میں پاکستان کی کامیابی کو اپنے اشعار کے ذریعے شجاعت اور بہادری کی ایک لازوال تاریخ سے تعبیر کیا ۔ اور پاک فوج خصوصا سپہ سالار کی اعلی قیادت کو مثالی قرار دیا ۔ اور ہندوستان کو مزید جنگ سے باز رہنے کی تنبیہ کی ۔ مشاعرے کے اختتام پر مہمان خصوصی مولانا نقیب اللہ رازی نے اپنے خطاب میں کہا ۔ کہ وقت اور موقع کی مناسبت سے محفل مشاعرے کا انعقاد اور اس میں سنئیر شعراء کی شرکت اس کی کامیابی کا ثبوت ہے ۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ وقت میں ہمیں غزا کے مظلوم مسلمانوں کی اخلاقی ، مالی مدد کے ساتھ اپنے دشمن ملک کے ناپاک عزائم اور پاک افواج کی شجاعت و بہادری کو اپنے اشعار کے ذریعے اجاگر کرنے کی ضرورت ہے ۔ اور اس موقع پر قوم کے اتحاد کی کوششیں شعرا کے پیش نظر ہو نی چاہئیے ۔ انہوں نے کہا ۔ کہ دشمنوں کے ناپاک عزائم کے خلاف قوم کو تیار کرنا شعرا کی ذمہ داری ہے ۔سنئیر شاعر صالح نظام ایڈوکیٹ نے اس موقع پر مہمان شعراء کی تشریف آوری پر ان کا شکریہ ادا کیا ۔ اور کہا ۔ کہ شعراء کیلئے یہ ضروری ہے ۔ کہ وہ جاری حالات پر کڑی نظر رکھیں ، انہوں نے کہا ۔ کہ امریکہ اس موقع پر عرب ممالک کے دورہ کرکے اسرائیل کیلئے راستہ نکالنے کی کوشش کر رہا ہے ۔
افسوس کا مقام ہے ۔ کہ عرب حکمران امریکی صدر کے غلام بنے نظر آتے ہیں ۔ محفل مشاعرے سے انجمن ترقی کھوار چترال کے صدر شہزادہ تنویر الملک نے خطاب کرتے ہوئے کہا ۔ کہ مسلمانوں کو ہر طرف مایوسی نے گھیرے میں لے لیا ہے ۔ خصوصا غزا و فلسطین کے حالات اور مسلم حکومتوں کی بے حسی نے مسلمانوں کو انتہائی مایوس کیا ہے ۔ ایسے میں شعراء اپنے شعروں کے ذریعے مسلمانوں میں آگہی پیدا کرکے اپنے حصے کا جہاد ادا کر سکتے ہیں ۔


