پولیس شہداء میں پیکیج کے چیک تقسیم، شہداء ہمارا فخر ہیں۔ ان کی قربانیوں سے صوبے کا امن بحال ہوا ہے۔ اے۔آئی۔جی ویلفیئر حمید اللہ خان
چترال (نمائندہ چترال ٹائمز ) ایڈیشنل انسپکٹر جنرل ویلفیئر حمید اللہ خان نے کہا ہے کہ شہید خلیل الرحمن اور شہید فضل رازق پر پوری قوم کو فخر ہے انھوں نے ملک و قوم کےلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔ اُنھوں نے کہا کہ انہی شہداء کی لازوال قربانیوں کی بدولت صوبے کا امن بحال ہوا اور آج ہم پُر امن فضا میں سانس لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کریں گے اور اُن کے لواحقین اور بچوں کو تنہا نہیں چھوڑیں گے اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے بھرپور اقدامات اُٹھائینگے۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے لوئر چترال کے دورے کے موقع پرڈی پی او آفس میں شہدا کے ورثا ء سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔
اس موقع پر اے۔آئی۔جی ویلفیئر نے سی.ٹی۔ڈی۔پولیس اسٹیشین کبل سوات دھماکے میں شہید ہونے والے لوئر چترال پولیس کے بہادر سپوت خلیل الرحمن اور فضل رازق کے ورثاءسے ملاقات کی اور ان میں شہداء پیکیج کے تحت چیک تقسیم کئیں۔ اے۔آئی۔جی ویلفیئر نے دونوں پولیس شہداءکے اہل خانہ سے تعزیت کی اور شہداءکے بلند درجات کے لئے فاتحہ خوانی کی۔
اس موقع پر ڈی۔پی۔او لوئر چترال اکرام اللہ, ڈی۔ایس۔پی۔ہیڈکوارٹر احمد عیسی, ڈی۔ایس۔پی۔سرکل لٹکوہ تمیزالدین, ڈی۔ایس۔پی۔سرکل دروش اقبال کریم, ڈی۔ایس۔پی۔سی۔ٹی۔ڈی بہادر خان اور دیگر اعلیٰ پولیس افسران بھی موجود تھے۔

