پروٹیکٹڈ صارفین کی اوور بلنگ کی شکایات، وزیر داخلہ کا افسران کیخلاف کارروائی کا حکم
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پروٹیکٹڈ صارفین کو اووربلنگ کی شکایات پر سخت نوٹس لیتے ہوئے افسران اور عملے کے خلاف قانونی کارروائی کا حکم دے دیا۔وزیر داخلہ محسن نقوی نے ایف آئی اے کے تمام ڈائریکٹرز کو احکامات جاری کر دیے۔انہوں نے کہا کہ 200 یونٹ استعمال کرنے والے صارفین کے ساتھ ہونے والی ناانصافی کا ازالہ کیا جائے، پروٹیکٹڈ صارفین کو جان بوجھ کر نان پروٹیکٹڈ کیٹیگری میں شامل کرنا مجرمانہ فعل ہے جس کی قطعاً اجازت نہیں دی جا سکتی۔محسن نقوی نے ہدایت کی کہ ایف آئی اے تمام صورتحال کا جائزہ لے اور حقائق کی روشنی میں بلا امتیاز ذمہ داروں کے خلاف ایکشن لے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ پروٹیکٹڈ صارفین کو نان پروٹیکٹڈ صارفین کی فہرست میں شامل کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں، اوور بلنگ سے پروٹیکٹڈ کیٹیگری تبدیل ہونے سے صارفین پر کروڑوں روپے کا اضافی بوجھ پڑا، پروٹیکٹڈ صارفین پہلے ہی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ اووربلنگ سے ان کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں۔
پاک افواج کا 25 ویں یوم شہادت پر حوالدار لالک جان کو خراج عقیدت
راولپنڈی(سی ایم لنکس) انٹرسروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) کے مطابق حوالدار لالک جان نشان حیدر کے 25 ویں یوم شہادت پر مسلح افواج، چیئرمین جوائنٹ چیف آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس نے شہید لالک جان کو خراج عقیدت پیش کیا۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق اس دن حوالدار لالک جان نے کارگل تنازع کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا، ان کی بہادری ہمارے سپاہیوں کیلئے ایک مثال ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق دفاع وطن کیلئے زندگی قربان کرنے والوں کو سب سے بڑا اعزاز دیا جاتا ہے، مادر وطن کی حفاظت کیلئے غیر متزلزل عزم پر قوم اپنے بہادر سپاہیوں کی ہمیشہ شکر گزار رہے گی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے مطابق ہم اپنے ان شہیدوں کی یاد کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے ملک کے دفاع میں لازوال قربانیاں دیں۔