پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ جامعہ چترال کے وائس چانسلر تعینات، افر لیٹر جاری
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد کے شعبہ سوشیالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ جامعہ چترال کے وائس چانسلر تعینات کردیئے گئے ہیں، محکمہ ہائیر ایجوکیشن آرکائیوز اینڈ لائبریز حکومت خیبرپختونخوا کی طرف سے ڈاکٹر حاضراللہ کو آفر لیٹر جاری کردی گئی ہے،۔ افر لیٹر میں تین دنوں کے اندر شمولیت کےلئے وقت مقرر کرنے کے ساتھ چار برسوں کے لئے بطور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ کا تقرر کیا گیا ہے تقرری کا اطلاق فوری طور پر ہوگا اور ابتدائی دو سالہ مدت کے بعد مزید دو سال کی توسیع کارکردگی سے مشروط ہوگی۔
نوتعینات وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ یونیورسٹی آف برمنگھم برطانیہ سے فارع التحصیل ہیں، انھوں نے 2013 میں پی ایچ ڈی کی ڈگری حاصل کی ہے، جبکہ ایم فل 2007میں قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد سے مکمل کی ہے۔ اسی طرح ایم اے سوشیالوجی کی ڈگری جامعہ پشاور سے حاصل کی ہے۔
پروفیسر ڈاکٹر حاضر اللہ بطور ڈائریکٹر/چیئر سکول آف سوشیالوجی اور ڈائریکٹر آفس آف دی ریسرچ انوویشن اینڈ کمرشلائزیشن (ORIC) قائداعظم یونیورسٹی اسلام آباد تعینات ہیں۔ انہوں نے جنوری 2020 میں قائداعظم یونیورسٹی (QAU) میں شمولیت سے قبل کئی اہم تعلیمی اور انتظامی عہدوں پر کام کیا ہے۔ انہوں نے بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی اسلام آباد (IIUI) میں بطور ڈپٹی ڈین فیکلٹی آف سوشل سائنسز اور 2008 سے 2019 تک چیئرمین شعبہ سوشیالوجی سپیشل ایجوکیشن اسلام آباد خدمات انجام دی ہے۔ ان کے 45 سے زیادہ تحقیقی مضامین معروف قومی اور بین الاقوامی جرائد میں شائع ہو چکے ہیں۔
ان کے کریڈٹ پر دو کتابیں ہیں۔انھوں نے کامیابی سے سات پی ایچ ڈی اور 20 سے زیادہ ایم فل اور ایم ایس طلباء کی رہنمائی اور نگرانی کی ہے۔
دریں اثنا چترال کے مختلف مکاتب فکر نے نئے تعینات وائس چانسلر کی تعیناتی کو علاقے کے لئے خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس امید کا اظہار کیا ہے کہ وہ اپنی تخلیقی اور انتظامی قوتوں کو بروئےکارلاکر چترال کے نوزائدہ یونیورسٹی کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے اور طلباو طالبات کے مسائل ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کرینگے۔
