Chitral Times

Jul 3, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

پاک چین دوستی سی پیک کی وجہ سے مزید مضبوط ہوئی ہے، گورنرحاجی غلام علی

شیئر کریں:

پاک چین دوستی سی پیک کی وجہ سے مزید مضبوط ہوئی ہے، گورنرحاجی غلام علی

سی پیک کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے، چین جس قدر ہمارے قریب آئے گا ہم اس سے اتناہی سیکھیں گے، گورنر

سی پیک۔BRI کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر روز نامہ اتحاد اور پاکستان اکنا مک نیٹ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار میں بحیثیت مہمان خصوصی شرکت

صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال،صوبائی وزیر فضل الہی، معاون خصوصی ملک مہر الہی سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف، جنرل سیکرٹری سی پی این ای اعجاز الحق اوردیگر کی بھی شرکت

پشاور (چترال ٹایمز رپورٹ ) گورنر خیبر پختونخوا حاجی غلام علی نے کہا ہے کہ پاک چین دوستی سی پیک کی وجہ سے مزید مضبوط ہوئی ہے چین کی بے مثال ترقی مسلسل محنت اور قومی سوچ اپنانے کے باعث ممکن ہوئی ہے ہمیں بھی چین سے سیکھتے ہوئے ایک قوم ہوکر ملک کوترقی وخوشحالی سے ہمکنا رکرنا ہوگا۔یہ بات انہوں نے گذشتہ روز سی پیک۔BRI کے دس سال مکمل ہونے کے موقع پر روز نامہ اتحاد اور پاکستان اکنا مک نیٹ کے زیراہتمام منعقدہ سیمینار سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کی۔ تقریب میں صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال،صوبائی وزیر فضل الہی، معاون خصوصی ملک مہر الہی سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف، جنرل سیکرٹری سی پی این ای اعجاز الحق، سی پی این ای خیبر پختونخوا کے صدر اور روز نامہ اتحاد کے چیف ایڈیٹر طاہر فاروق، ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی کے ڈاکٹر شبیر احمد، چائنہ سٹڈی سنٹر کی کوثر تکریم سمیت سیاسی و سماجی شخصیات اور بزنس کمیونٹی کے نمائندوں، طلباء بھی شریک تھے۔ سی پی این ای خیبر پختونخوا کے صدرطاہر فاروق نے گورنر اوردیگر مہمانوں کا خیرمقدم کیا اور سیمینار کے اغراض ومقاصدپرروشنی ڈالی۔تقریب میں چینی سفارت خانے کی چارج ڈی افیئر پنگ شن زو کاویڈیوپیغام بھی چلایاگیا۔

 

تقریب سے صوبائی وزیر اطلاعات و تعلقات عامہ بیرسٹر فیروز جمال، سی پی این ای کے صدر ارشاد عارف، جنرل سیکرٹری سی پی این ای اعجاز الحق، ایریا سٹڈی سنٹر پشاور یونیورسٹی کے ڈاکٹر شبیر احمد، چائنہ سٹڈی سنٹر کی کوثر تکریم، ایف پی سی سی آئی کے فوکل پرسن سرتاج احمدخان نے بھی خطاب کیا اور سی پیک کی اہمیت پرروشنی ڈالی۔تقریب میں سی پیک۔BRI کے دس سال مکمل ہونے پرکیک بھی کاٹاگیا۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے گورنر حاجی غلام علی نے شاندار تقریب کے انعقاد پر طاہر فاروق کو مبارکباد پیش کی اور کہا کہ چین نے مختصر عرصہ میں جو بے مثال ترقی کی ہے اس پر پوری دنیا ورطہ حیرت میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ چین ایک خاموش سپر پاور کے طور پر اپنا کامیابی کا سفر جاری رکھے ہوئے ہے اور آج دنیا میں کوئی گھر اور دفتر ایسا نہیں جہاں چینی مصنوعات موجود نہ ہوں۔ انہوں نے کہا کہ پاک چین دوستی قابل فخر ہے اور سی پیک کے باعث یہ مزید مضبوط ہوئی ہے۔ سی پیک کو پاکستان کی اقتصادی ترقی کی شہ رگ کی حیثیت حاصل ہے۔

 

انہوں نے کہا کہ یہ ہمارے لئے لحہ فکر یہ ہے کہ چین نے جس طرح ترقی کی ہے ہم ایسی ترقی کیوں نہ کر سکے انہوں نے کہا کہ ترقی کیلئے ضروری ہے کہ مسلسل محنت اور ایمانداری کو اپنا شعار بنایا جائے انہوں نے کہا کہ ملک کو ترقی سے ہمکنار کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہو گا، گورنر نے نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ انہیں جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی میں مہارت حاصل کرنی چاہیے اور ملک وقوم کی ترقی کیلئے بحیثیت ایک قوم متحد ہوکر کردار ادا کرناہوگا۔ انہوں نے کہا کہ چین جس قدر ہمارے قریب آئے گا ہم اس سے اتناہی سیکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنی عظمت رفتہ کی بحالی کیلئے سخت محنت کرنا ہوگی۔گورنرنے اس موقع پر سی پی این ای کے نومنتخب صدر ارشادعارف، جنرل سیکرٹری اعجازالحق اور سی پی این کے پی کے صدر طاہر فاروق کو سی پی این ای کی نئی ذمہ داریاں ملنے پرمبارکباد دی اوران کیلئے نیک خواہشات کااظہارکیا۔آخرمیں گورنر کو سیمینارکی منتظمین کی جانب سے یادگاری شیلڈزبھی پیش کئے گئے۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
76019