پاکستان نے حملوں سے متعلق بھارتی میڈیا کے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو یکسر مسترد کردیا، پانچ طیارے، 77ڈرونز گرا کر پاکستان کو بھارت پر برتری حاصل ہوچکی ہے، عطاء تارڑ
اسلام آباد(چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان نے بھارتی میڈیا کی طرف سے اس پر پٹھان کوٹ، جیسلمیر اور سری نگر پر حملے کرنے کرنے سے متعلق لگائے گئے بے بنیاد اور غیر ذمہ دارانہ الزامات کو یکسر مسترد کرتے ہوئے ہوئے کہا ہیکہ یہ دعوے مکمل طور پر بے بنیاد، سیاسی محرکات کے حامل اور لاپرواہ پروپیگنڈہ مہم کا حصہ ہیں جن کا مقصد پاکستان کو بدنام کرنا ہے۔ جمعرات کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق کسی معتبر تحقیقات کے بغیر پاکستان پر بار بار الزامات عائد کرنے کا لگا بندھا انداز جارحیت کا جواز گھڑنے اور خطے کو مزید عدم استحکام سے دوچار کرنے کی دانستہ حکمت عملی کی عکاسی کرتا ہے۔
اس طرح کے اقدامات نہ صرف علاقائی امن کو مزید خطرے سے دوچار کرتے ہیں بلکہ سیاسی اور فوجی مقاصد کے لیے غلط معلومات سے ناجائز فائدہ اٹھانے کے لیے مضطرب آمادگی کو بھی منکشف کرتے ہیں۔ ترجمان نے کہا کہ ہم بین الاقوامی برادری پر زور دیتے ہیں کہ وہ اس خطرناک رویے کا سنجیدگی سے نوٹس لے اور بھارت کو تحمل اور ذمہ داری کا مشورہ دے۔ پاکستان کی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے جھوٹے ڈھونگ پر مبنی کسی بھی کشیدگی کا پورے عزم اور ولولے کے ساتھ مقابلہ کیا جائے گا۔ترجمان نے کہا کہ پاکستان امن کے لیے چوکس اور بھرپور انداز میں پرعزم ہے لیکن وہ اشتعال انگیزی، دھمکانے یا گمراہ کرنے کی کوششوں سے مرعوب نہیں ہو گا اور جارحیت کی کارروائیوں کا جواب دینے کا حق محفوظ رکھتا ہے۔ عائدکردہ ان الزامات کو سختی سیمسترد کیا جاتا ہے۔
پانچ طیارے، 77ڈرونز گرا کر پاکستان کو روایتی جنگ میں بھارت پر برتری حاصل ہوچکی، عطاء تارڑ
اسلام آباد(سی ایم لنکس)وفاقی وزیر اطلاعات عطاء اللہ تارڑ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے بھارتی جارحیت کا منہ توڑ جواب دیکر پانچ بھارتی طیاروں اور 77 ڈرونز کو کامیابی سے گرا کر روایتی جنگ میں واضح برتری حاصل کر لی ہے۔اپنے بیان میں وزیر اطلاعات نے کہا کہ بھارت کے پانچ جنگی طیارے اور اب تک بھارت کے 77 ڈرونز کو کامیابی سے گرانا پاکستان کی فضائی صلاحیتوں اور فوجی برتری کا واضح ثبوت ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان ایک پْرامن ملک ہے، تاہم کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنا دفاع کرنا ہمارا قانونی، اخلاقی اور ریاستی حق ہے۔ پاکستان نے اپنا یہ حق ذمہ داری کے ساتھ استعمال کیا ہے اور کرے گا۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ حالیہ دنوں میں بھارت نے نہ صرف عسکری محاذ پر اشتعال انگیزی کی بلکہ اپنے عوام کو گمراہ کرنے کے لیے داخلی سطح پر میڈیا پر بدترین پروپیگنڈا مہم شروع کی۔انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا پر منظم انداز میں فیک نیوز، پرانی تصاویر اور جعلی ویڈیوز کے ذریعے ایک جھوٹا بیانیہ گھڑا جا رہا ہے، جو بھارتی حکومت کی گھبراہٹ، ناکامی اور بدحواسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔عطاء اللہ تارڑ نے کہا کہ پاکستان نے بھارت کا جھوٹا پروپیگنڈا بھرپور طریقے سے بے نقاب کیا جس سے بھارت کو مزید ہزیمت اٹھانا پڑی۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ جھوٹے بیانیے کے ذریعے بھارت کی ناکامی چھپانے کی ناکام کوشش پوری دنیا نے دیکھی ہے اور بھارت کو مزید شرمندگی کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

