پاکستان میں ایکسپائرڈ ویزوں پر مقیم غیر ملکیوں کے قانونی ایگزیٹ کیلئے آخری موقع
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ)وزارتِ داخلہ پاکستان نے ملک میں زائد المیعاد ویزوں کے باوجود قیام پزیر غیر ملکیوں کے لیے عام رعایت کا اعلان کرتے ہوئے انہیں پاکستان سے قانونی ایگزیٹ کا آخری موقع فراہم کیا ہے۔وزارتِ داخلہ کے ذرائع کے مطابق فارنرز ایکٹ 1946ء کے تحت زائد از مدت ویزے والے غیر ملکیوں کی سزا 3 سال قید ہے۔ایسے غیر ملکیوں کو خبردار کیا گیا ہے کہ 31 دسمبر 2022ء کے بعد 1 سال سے زائد مدت ویزے والے غیر ملکیوں کے خلاف قانونی کارروائی شروع کر دی جائے گی اورپاکستان میں آئندہ انٹری کے لیے ایسے غیر ملکیوں کو بلیک لسٹ کر دیا جائے گا۔وزارتِ داخلہ کی جانب سے ایسے غیر ملکیوں کو 31 دسمبر 2022ء سے پہلے پہلے پاکستانی حکام سے ایگزیٹ پرمٹ حاصل کرنے کی پیشکش کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق ایسے غیر ملکی پاکستان آن لائن ویزا سسٹم (POVS) کے ذریعے اپنی درخواست دے سکتے ہیں تاہم بھارت اور صومالیہ سے تعلق رکھنے والے زائد المیعاد ویزے والے شہریوں کو ایگزیکٹ پرمٹ کے حصول کے لیے وزارتِ داخلہ کے متعلقہ سیکشن میں جا کر درخواست کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ذرائع کے مطابق تمام غیر ملکیوں کو ایگزیٹ پرمٹ کے حصول کے لیے کوئی اضافی چارجز نہیں دینا ہوں گے اور نہ ہی ان کے خلاف کسی قسم کی کوئی قانونی کارروائی کی جائے گی۔
سوات ایکسپریس وے اور موٹر وے کھول دی گئیں
اسلام آباد(سی ایم لنکس)پنجاب اور خیبر پختون خوا میں دھند کا راج ہے، تاہم دھند میں کمی کے باعث سوات ایکسپریس وے کرنل شیر خان سے اسماعیلہ تک ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔موٹروے پولیس کے مطابق موٹروے M1 اسلام آباد سے پشاور تک دھند کی شدت میں کمی کے بعد ہر قسم کے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔موٹر وے پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ حدِ نگاہ بہتر ہونے پر لاہور سیالکوٹ موٹر وے ٹریفک کے لیے کھول دی گئی ہے۔ضلع حافظ آباد میں پنڈی بھٹیاں اور بھوبھڑا کے قریب دھند کے باعث پیش آنے والے حادثات میں 2 افراد جاں بحق جبکہ 3 زخمی ہو گئے۔ریسکیو ٹیموں نے جاں بحق افراد کی لاشوں اور زخمیوں کو مقامی اسپتال منتقل کر دیا ہے۔کبیر والا میں دھند کے باعث نیشنل ہائی وے پر ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔بھکر شہر اور گرد و نواح میں بھی دھند کے سبب ٹریفک کی آمد و رفت متاثر ہوئی ہے۔۔۔موٹر وے کہاں کہاں بند؟۔۔موٹر وے پولیس کے مطابق دھند کے باعث لاہور ملتان موٹر وے ایم 3 فیض پور سے درخانہ تک، موٹر وے ایم 4 پنڈی بھٹیاں سے درخانہ تک اور لاہور تا سیالکوٹ موٹر وے بند ہیں۔ترجمان موٹر وے پولیس کا یہ بھی کہنا ہے کہ ملتان میں دھند کے باعث موٹر وے ایم 5 شجاع آباد تا جلال پور انٹر چینج بند رہے گی۔ٹریفک پولیس کے مطابق شکر گڑھ میں نارووال روڈ پر منڈی خیل سے جسٹر تک دھند کے باعث حدِ نگاہ 50 میٹر سے کم رہ گئی ہے۔ٹریفک پولیس نے یہ بھی بتایا ہے کہ نور کوٹ، نیناں کوٹ روڈ اور ظفر وال روڈ پر دھند کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی ہے۔
