پاکستان اور ایران کا دونوں ممالک کے سفیروں کی 26 جنوری 2024 تک اپنی اپنی ذمہ داریوں پر واپسی پر اتفاق
اسلام آباد( چترال ٹائمزرپورٹ)پاکستان اور ایران نے دونوں ممالک کے سفیروں کی 26 جنوری 2024 تک اپنی اپنی ذمہ داریوں پر واپسی پر اتفاق کیا ہے۔پیر کو ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری اسلامی جمہوریہ پاکستان اور اسلامی جمہوریہ ایران کے مشترکہ پریس بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستان اور ایران کے وزراء خارجہ کے درمیان ٹیلی فونک گفتگو کے بعد باہمی طور پر اس بات پر اتفاق کیا گیا ہے کہ دونوں ممالک کے سفیر 26 جنوری 2024 تک اپنے اپنے عہدوں پر واپس ہو سکتے ہیں۔بیان کے مطابق وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کی دعوت پر ایران کے وزیر خارجہ حسین عامر عبداللہیان 29 جنوری 2024 کو پاکستان کا دورہ کریں گے۔
پاکستان کی منہدم بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تقدیس کی مذمت
اسلاما ٓباد(سی ایم لنکس)پاکستان نے منہدم بابری مسجد کی جگہ رام مندر کی تقدیس کی مذمت کرتے ہوئے اسے مسلمانوں کی پسماندگی بڑھانے کی کوشش قرار دیا۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ پاکستان ایودھیا میں رام مندر کی تعمیر اور تقدیس کی مذمت کرتا ہے۔انہوں نے کہا کہ بابری مسجد کو 6 دسمبر 1992 کو انتہا پسند گروہ نے شہید کیا تھا۔ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ نے مزید کہا کہ بھارتی اعلیٰ عدلیہ نے اس گھناؤنے کام میں ملوث جرائم پیشہ افراد کو بری کرتے ہوئے وہاں مندر کی تعمیر کی اجازت بھی دے دی تھی۔ ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ یہ سیاسی، معاشی و سماجی طور پر مسلمانوں کی پسماندگی بڑھانے کی کوشش کا حصہ ہے۔