وزیر اعلی خیبر پختونخوا کا صوبہ بھر کے طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے مشہور تاریخی درسگاہ اسلامیہ کالج پشاور کے چھ مزید انٹرمیڈیٹ کیمپسز کھولنے کا اعلان
پشاور ( نمائندہ چترال ٹائمز ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے صوبہ بھر کے طلبہ کو معیاری تعلیمی سہولیات کی فراہمی کے لئے ایک اہم اقدام کے طور پر مشہور تاریخی درسگاہ اسلامیہ کالج پشاور کے چھ مزید انٹرمیڈیٹ کیمپسز قائم کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ یہ اعلان انہوں نے گزشتہ روز اسلامیہ کالج پشاور کے نویں کانووکیشن کے لئے جاری اپنے ویڈیو پیغام میں کیا۔ یہ کیمپسز صوبے کے چھ ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز میں کھولے جائیں گے۔ اپنے پیغام میں وزیر اعلی کا کہنا تھا کہ اسلامیہ کالج صوبے کا ایک عظیم درسگاہ ہے جس نے مختلف شعبے میں بڑے بڑے نام پیدا کئے ہیں جنہوں نے نہ صرف قومی بلکہ بین الاقوامی سطح پر صوبے کا نام روشن کیا ہے اور اس درسگاہ کے مزیر کیمپسز کھولنے کا مقصد دور افتادہ اضلاع کے طلبہ کو اس درسگاہ کی معیاری تعلیمی سہولیات فراہم کرنا ہے جو کسی بھی وجہ سے پشاور آکر اس کالج میں داخلہ نہیں لے سکتے تاکہ ان طلبہ کو بھی مقامی سطح پر اس یہ سہولت حاصل ہوسکے۔
وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور کا پشاور کے علاقہ چمکنی میں پولیس موبائل پر ہونے والے دھماکے کی مذمت
پشاور ( چترال ٹائمزرپورٹ ) وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے پشاور کے علاقہ چمکنی میں پولیس موبائل پر ہونے والے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے پولیس کے اعلی حکام سے واقعے کی رپورٹ طلب کی ہے۔ وزیر اعلی نے دھماکے میں دو پولیس اہلکاروں کی شہادت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا ہے۔ یہاں سے جاری اپنے بیان میں وزیر اعلی نے شہداء کے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کی ہے جبکہ دھماکے کے زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا ہے۔
علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کے محافظوں کو نشانہ بنانا قابل مذمت اور بزدلانہ اقدام ہے لیکن اس طرح کے بزدلانہ حملوں سے پولیس کے حوصلے پست نہیں ہونگے،صوبائی حکومت اور صوبے کے عوام دہشتگردی کے مکمل خاتمے کے لئے پر عزم ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ عوام کی جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں اور ہم عوام کی حفاظت کے لئے جانیں دینے والے شہداء اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ وزیر اعلی نے یقین دلایا ہے کہ صوبائی حکومت شہداء کے ورثا کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ان کی ہر ممکن معاونت کی جائے گی۔
