وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپورکا ڈینگی کے خلاف برقت اورپیشگی اقدامات اُٹھانے اورایکشن پلان تیار کرنے ہدایت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ ) رواں سال صوبے میں ڈینگی کنٹرول کے لئے ایک اہم اور بروقت اقدام کے طور پر وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین گنڈاپور نے متعلقہ حکام کو ایک جامع اور قابل عمل ڈینگی ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔ وزیر اعلیٰ سیکرٹریٹ نے چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کو اس سلسلے میں مراسلہ ارسال کردیا۔ مراسلے میں کہا گیا ہے کہ گذشتہ چند برسوں میں ڈینگی بخار صحت عامہ کو ایک سنگین مسئلہ بن چکا ہے اور اس کے مؤثر کنٹرول کے لیے تمام متعلقہ محکموں کی جانب سے پیشگی اور منظم اقدامات ناگزیر ہیں، ڈینگی سیزن سے پہلے منظم اور مربوط اقدامات کے ذریعے ڈینگی کیسز کی تعداد میں نمایاں کمی واقع ہو سکتی ہے اس لئے آنے والے سیزن میں اس مسلے سے موثر انداز میں نمٹنے کے لئے ابھی سے تمام حفاظتی اقدامات کئے جائیں اور اس مقصد کے لئے فوری طور پر ڈینگی ایکشن پلان 2025 تیار کیا جائے۔
مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ مذکورہ ایکشن پلان میں تمام متعلقہ محکموں کی طرف سے اقدامات اور سرگرمیوں کا شیڈول تیار کیا جائے جس میں حفاظتی، ترویجی اور علاج معالجے سے متعلق اقدامات واضح طور پر درج کئے جائیں، پلان میں پورے سال کی انسداد ڈینگی سرگرمیوں کا ماہوار فریم ورک مرتب کیا جائے جن میں سرویلنس، ویکٹر کنٹرول، ماحولیاتی انتظامات، آگاہی مہم ، ضروری سامان کی خریداری اور علاج معالجے سمیت تمام سرگرمیاں شامل ہوں۔ مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ ایکشن پلان میں ان سرگرمیوں کی انجام دہی کے لئے حقیقت پسندانہ ٹائم لائنز کا بھی تعین کیا جائے اور تمام متعلقہ محکموں کے انفرادی اور اجتماعی ذمہ داریوں کا بھی واضح کیا جائے جبکہ ایکشن پلان کے اہداف کے حصول کے لئے مانیٹرنگ اور رپورٹنگ کا موثر نظام بھی وضع کیا جائے۔
وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کا پشاور، کرک اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردی کے مختلف واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت
پشاور(چترال ٹائمزرپورٹ )وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور نے پشاور، کرک اور جنوبی وزیرستان میں دہشتگردی کے مختلف واقعات کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے اور ان واقعات میں پانچ پولیس اہلکاروں کی شہادت پر خراج عقیدت پیش کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے شہداء کے اہل خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے شہداءکے درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ وہ ملک و قوم کی خاطر جانیں قربان کرنے والے اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو سلام پیش کرتے ہیں۔ صوبائی حکومت ان شہداءکے اہل خانہ کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور انکی بھر پور معاونت کی جائے گی۔ وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخوا پولیس جوانمردی سے دہشتگردی کا مقابلہ کر رہی ہے،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے خیبر پختونخوا پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔

