Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

وزیراعلیٰ کی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزپر تشویش کا اظہار،عوام سے اختیاطی تدابیر اپنانے کی اپیل

شیئر کریں:

چترال ( چترال ٹائمز رپورٹ ) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے صوبے میں کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسزپر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عوام الناس سے اپیل کی ہے کہ اس وباءکے بڑے پیمانے پر پھیلاﺅ کو روکنے کے لئے احتیاطی تدابیر اور حکومت کی طرف سے جاری کر دہ ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ اُنہوںنے کاروباری حضرات پر بھی زور دیا ہے کہ وہ کاروباری اور تجارتی مراکز میں کورونا کے متوقع پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے انتظامیہ کی طرف سے جاری کردہ احکامات پر عمل درآمد کو یقینی بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں اور اس سلسلے میں ذمہ دارانہ کردار ادا کریں


یہاں سے جاری اپنے ایک بیان میں کورونا کی حالیہ لہر کو تشویشناک قراردیتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہاکہ حکومت اس وباءکے بڑے پیمانے پر ممکنہ پھیلاﺅ کو روکنے کیلئے تمام ضروری اقدامات اُٹھارہی ہے جن کا مقصد معمولات زندگی کو چلانے کے ساتھ ساتھ لوگوں کے جان و مال کو بھی محفوظ بنانا ہے، عوام سے اپیل ہے کہ وہ اس سلسلے میں حکومت اور انتظامیہ کے ساتھ بھر پور تعاون کرکے ذمہ دارشہری ہونے کا ثبوت دیںاور اپنی اور دوسروں کی جانیں محفوظ بنائیں۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ انفرادی اور اجتماعی طور پر ذمہ دارانہ رویے کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہم اس وباءکی تیسری لہر سے بھی موثر انداز میں نمٹنے میں کامیاب ہو سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ جن علاقوں میں کورونا کیسز تیزی سے بڑھ رہے ہیں وہاں ایس او پیز اور دیگر حفاظتی تدابیر پر عمل درآمد کو ہر لحاظ سے یقینی بنایا جائے ۔ دریں اثنا وزیراعلیٰ نے صوبے میں کورونا وبا کی تازہ صورتحال اور اس سے نمٹنے کے لئے انتظامات کا جائزہ لینے کے لئے صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد کورونا کا اجلاس آج طلب کرلیا ہے۔
<><><><><><>


دریں اثنا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے ضلع خیبر میں منشیات فروشوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں ایڈیشنل ایس ایچ او نیاز محمد آفریدی کی شہادت پر لواحقین سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا اظہار کیا ہے۔
یہاں سے جاری اپنے تعزیتی بیان میں وزیر اعلیٰ نے شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ہے۔ انہوں نے جوانمردی کے ساتھ سماج دشمن عناصر کا مقابلہ کرنے پر شہید کی بہادری کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔وزیراعلیٰ نے واقعہ میں زخمی ہونے والے اہلکاروں کی جلد صحتیابی کے لئے بھی دعا کی ہے۔
<><><><><>


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
46460