نشے میں دھت مسافر کے غل غپاڑے پر غیرملکی طیارے کی کراچی میں لینڈنگ
کراچی(چترال ٹایمز رپورٹ) نشے میں دھت مسافر کی جانب سے دوران پرواز غل غپاڑہ کرنے پر غیر ملکی ائرلائن کے طیارے نے کراچی میں لینڈنگ کی۔ترکیہ کے شہر استنبول سے تھائی لینڈ جانے والی ترکش ائر لائن کی پرواز ٹی کے 172 میں نشے میں دھت مسافر نے ہنگامہ آرائی کی، جس پر مسافروں نے پرواز کے عملے سے شکایت کی۔دوران پرواز مسافروں کی شکایت پر کپتان نے کراچی ائرپورٹ کے کنٹرول ٹاور سے رابطہ کرکے لینڈنگ کی اجازت طلب کی اور طیارے کو جناح انٹرنیشنل ائرپورٹ پر اتار لیا۔کپتان کی شکایت پر سکیورٹی ادارے نے نشے میں دھت مسافر کو پرواز میں غل غپاڑہ کرنے پر حراست میں لے کر پرواز سے آف لوڈ کردیا۔ مسافر کو سکیورٹی فورس کے حوالے کردیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق مسافر کا طبی معائنہ بھی کیا جا رہا ہے۔ کارروائی مکمل کیے جانے کے بعد مسافر کو ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔ترجمان سول ایوی ایشن کی جانب سے جاری وضاحتی بیان میں کہا گیا ہے کہ ترکیہ کا مسافر طیارہ کراچی ائرپورٹ اترا مگر یہ ہنگامی لینڈنگ نہیں تھی۔ پائلٹ نے نشے میں دھت مسافر کے غل غپاڑہ کرنے پر 9 بج کر 40 منٹ پر کراچی لینڈنگ کروائی اور مسافر کو آف لوڈ کرنے کے بعد طیارہ اپنی منزل تھائی لینڈ کی جانب روانہ ہوگیا۔حراست میں لیے گئے مسافر کو سکیورٹی نے ٹرانزٹ لاؤنج منتقل کردیا، جہاں سے اْسے آج رات ترکیہ فلائٹ سے ڈی پورٹ کردیا جائے گا۔
مری کے ہوٹل میں 3 نوجوان سیاح پراسرار طور پر جاں بحق
مری(سی ایم لنکس) ایکسپریس وے پر ڈنہ کے مقام پر نجی ہوٹل کے کمرے میں 4 سیاح بے ہوش پائے گئے جن میں سے 3 افراد جاں بحق ہوگئے اور ایک کی حالت غیر ہے۔جاں بحق افراد کی شناخت 28 سالہ محمد اویس، تیس سالہ فیصل ایاز اور 29 سالہ محمد شاہ رخ کے نام سے ہوئی،جبکہ بے ہوش شخص کی شناخت محمد کے نام سے ہوئی۔ چاروں سیاحوں کا تعلق پنجاب کے مختلف علاقوں سے ہے۔تھانہ پتریاٹہ کے علاقہ میں ہوٹل کے کمرے میں 4 افراد کے بے ہوشی کی حالت میں ملنے کی اطلاع پر پولیس اور امدادی کارکن موقع پر پہنچے۔ چاروں افراد کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں پہنچ کر 3 افراد دم توڑ گئے جبکہ ایک بے ہوش ہے۔ریسکیو 1122مری کے مطابق چاروں افراد ہوٹل کے کمرے میں نیم ہوشی کی حالت میں پائے گئے تھے۔ مری پولیس نے واقعے کے حوالے سے تحقیقات شروع کر دی ہے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکھٹے کیے جارہے ہیں۔سی پی او سید شہزاد ندیم بخاری نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے تحقیقات کرکے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔انہوں نے کہا کہ لاشوں کے پوسٹ مارٹم اور دیگر فرانزک شواہد کی روشنی میں وجہ موت کا تعین ہو سکے گا، میرٹ پر تحقیقات کرتے ہوئے قانون کے مطابق کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔
موٹروے ایم ون کا پشاور ٹال پلازہ سے رشکئی تک حصہ دھند کی شدت میں کمی کے بعدکھول دیا گیا
اسلام آباد(چترال ٹایمز رپورٹ) نیشنل ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس (موٹروے نارتھ زون)نے جمعہ کو رات گئے بند کیا گیا موٹروے ایم ون کا پشاور ٹال پلازہ سے رشکئی تک حصہ ہفتہ کی صبح دھند کی شدت میں کمی کے بعد ہر قسم کی ٹریفک کے لیے کھول دیا ہے۔ترجمان موٹروے پولیس کی طرف سے جاری بیان میں عوام سے گذارش کی گئی ہے کہ دھند کے موسم میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔گاڑیوں میں فوگ لائٹس کا استعمال کریں۔دھند کے موسم میں گاڑیوں میں درمیانی فاصلہ عام حالات کی نسبت زیادہ رکھیں۔ سفر شروع کرنے سے پہلے موٹروے کی صورتحال اور دوران سفر مدد کی صورت میں ہیلپ لائن 130 سے مدد لی جا سکتی ہے۔
پاکستان کوسٹ گارڈزکی پسنی میں کارروائی،1758 کلو ہیروین برآمد
کراچی(سی ایم لنکس) پاکستان کوسٹ گارڈز نے پسنی کے علاقے میں کاررواء کرتے ہوئے 1758 کلوگرام ہیروین برآمد کرلی ہے۔جاری اعلامیہ کے مطابق پاکستان کوسٹ گارڈزکو خفیہ ذرائع سے اطلاع ملی کہ پسنی (بلوچستان)سے بھاری مقدار میں منشیات اسمگلنگ ہونے کا خدشہ ہے۔ جس کو مدِنظر رکھتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈز نے متعلقہ کمانڈر کو اپنے علاقے میں چیکنگ مزیدسخت کرنے کے احکامات جاری کئے۔ گشت پارٹیوں کی انتھک کوششوں کے بعد پسنی کے علاقے (دوسی کور)میں پہاڑوں میں چھپا ئی گئی 1758کلوگرام اعلی کوالٹی کی (ہیروین) برآمد کر لی۔خدشہ ہے کہ یہ منشیات بیرون ملک اسمگل ہونا تھی۔ پکڑی جانے والی منشیات کی عالمی مارکیٹ میں مالیت تقریباً 593.325 ملین روپے کے لگ بھگ ہے۔ ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈزنے جوانوں کی اس اعلیٰ کارکردگی کو بے حد سراہا۔ واضح رہے کہ پاکستان کوسٹ گارڈز ہر قسم کی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہمہ وقت مصروف عمل ہے اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنے میں اپنا کردار ادا کر تی رہے گی۔