Chitral Times

Jul 1, 2024

ﺗﻔﺼﻴﻼﺕ

محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا کا بڑا اقدام، کنٹریکٹرز کیلیے سمارٹ کارڈ متعارف

Posted on
شیئر کریں:

محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا کا بڑا اقدام، کنٹریکٹرز کیلیے سمارٹ کارڈ متعارف، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سید امتیاز حسین شاہ نے افتتاح کردیا
کنٹریکٹرز کے لئے سمارٹ کارڈ کے اجراء سے ان کیلئے الجھنوں سے چھٹکارے سمیت شفافیت و ریونیو امور میں ہہتری یقینی ہو جائیگی، سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو سید امتیاز حسین شاہ

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) محکمہ مواصلات و تعمیرات خیبرپختونخوا کے سیکرٹری سید امتیاز حسین شاہ نے گزشتہ روز محکمہ کے کمیٹی روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں ٹھیکداروں کیلیے الیکٹرانک سمارٹ کارڈ جاری کرانے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری سی اینڈ ڈبلیو، آل چیف انجنیئرز، مختلف کنٹریکٹرز ایسوسی ایشز کے وفود اور دیگر متعلقہ افسران بھی شریک تھے۔ ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات محمد ریاض خان داوڑ نے الیکٹرانک سمارٹ کارڈ کی اہمیت و افادیت بارے میں بریفنگ میں کہا کہ حکومتی پالیسی کے تحت مذکورہ سمارٹ کارڈ متعارف کرایا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسے تمام کنٹریکٹرز جو پاکستان انجینئرنگ کونسل، کے پی آر اے اور ایف بی آر کیساتھ رجسٹرڈ ہوں اور ان کے پاس قومی شناختی کارڈ بھی ہو، وہ سمارٹ کارڈ کیلئے اپلائی کر سکتے ہیں۔ بریفننگ میں مزید بتایا گیا کہ بنک آف خیبر میں رجسٹریشن فیس جمع کرانے اور کمیٹی کی جانچ پڑتال کے بعد کنٹریکٹرز کو ایک سال کیلئے مذکورہ سمارٹ کارڈ جاری کیا جائے گا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکرٹری محکمہ مواصلات و تعمیرات سید امتیاز حسین شاہ نے اس کامیاب کاوش پر اپنی ٹیم کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ مذکورہ کارڈ متعارف کرانے سے ٹھیکیداروں کو بہت سی الجھنوں سے چھٹکارہ مل جائے گا جبکہ اس سے شفافیت و ریونیو امور میں بھی کافی بہتری آئے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ محکمہ مواصلات و تعمیرات کے اس اقدام سے بلیک لسٹڈ ٹھیکیداروں کا پتہ بھی چلے گا، جس سے بدعنوانی کا خاتمہ جبکہ دیگر تمام تر امور میں بھی بہتری آئے گی۔

 

پولیو وائرس کا مکمل خاتمہ صوبائی حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری

پشاور (چترال ٹائمز رپورٹ) چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا ندیم اسلم چوہدری نے کہا ہے کہ خطے سے پولیو وائرس کا خاتمہ ہماری اولین ترجیحات میں شامل ہے اور ہدایت کی کہ متعلقہ حکام انسداد پولیو مہمات میں درپیش مشکلات اور کمیوں کو دور کرکے ایک قابل عمل حل تلاش کریں۔چیف سیکرٹری نے تمام سٹیک ہولڈرز کے درمیان قریبی رابطہ کاری کی ضرورت پر بھی زور دیتے ہوئے انسداد پولیو مہمات کے دوران پولیو ورکرز کو تحفظ فراہم کرنے کے لیے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاوشوں کو سراہا یے۔ان خیالات کا اظہار چیف سیکرٹری نے جمعرات کے روز کیبنٹ روم سول سیکرٹریٹ پشاور میں منعقدہ صوبائی ٹاسک فورس برائے انسداد پولیو کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔اجلاس میں متعلقہ انتظامی سیکرٹریز، ایڈیشنل سیکرٹری صحت/کوآرڈینیٹر صوبائی ایمرجنسی آپریشن سنٹر، پاک فوج، پولیس اور عالمی شراکت داروں کے نمائندوں سمیت دیگر اعلی حکام نے شرکت کی۔ جبکہ تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے۔چیف سیکرٹری نے اس بات پر زور دیا کہ چونکہ پاکستان میں حالیہ رپورٹ کئے گئے پولیو کیسز اور سیویج کے تجزیاتی نمونوں میں جو وائرس سامنے آیا ہے وہ افغانستان میں گردش کرنے والے وائرس سے ملتا ہے اس لیے پاکستان اور افغانستان دونوں کی جانب سے اس وائرس کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے مشترکہ کوششوں کی ضرورت ہے۔مختلف اضلاع میں جاری مہم کے دوران رپورٹ کیے گئے مسائل کے حوالے سے چیف سیکرٹری نے متعلقہ اضلاع کے کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو ہدایت کی کہ وہ مسائل کو ترجیحی بنیادوں پر حل کرنے پر توجہ دیں اور اس سلسلے میں غفلت برتنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے۔انہوں نے قانون نافذ کرنے والے اداروں، عالمی شراکت داروں اور پولیو ورکرز کا پولیو وائرس کے پھیلاؤ کو روکنے کے لیے مسلسل کوششوں پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ صوبائی حکومت انسداد پولیو اقدامات میں اس وقت تک تعاون جاری رکھے گی جب تک موذی وائرس کا مکمل خاتمہ نہیں کر دیا جاتا۔


شیئر کریں:
Posted in تازہ ترین, جنرل خبریںTagged
77759